دولتِ اسلامیہ کے ہاتھوں پائلٹ کی ہلاکت کے بعد دو قیدیوں کو پھانسی

لیفٹیننٹ معاذ الکسابسہ کو دسمبر میں الرقہ کے علاقے میں دولتِ اسلامیہ نے حراست میں لے لیا تھا
،تصویر کا کیپشنلیفٹیننٹ معاذ الکسابسہ کو دسمبر میں الرقہ کے علاقے میں دولتِ اسلامیہ نے حراست میں لے لیا تھا

اردن نے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے ہاتھوں اپنے ایک پائلٹ کی ہلاکت کے بعد ایک خاتون سمیت دو مجرموں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔

سزائے موت پانے والوں میں ساجدہ الرشاوی شامل ہیں جن کی رہائی کا مطالبہ دولت اسلامیہ نے کیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ساجدہ الرشاوی اور عراق میں القاعدہ کے رہنما زیاد کربولی کو بدھ کی صبح سزائے موت دے دی گئی۔

اس سے پہلے اردن نے اپنے مغوی پائلٹ کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹ کو ایک ماہ پہلے ہی ہلاک کر دیا گیا تھا۔

سرکاری طور پر پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق سے پہلے دولتِ اسلامیہ کی جانب سے آن لائن شائع کی جانے والی ایک ویڈیو میں بظاہر دکھایا گیا کہ اردن کے مغوی پائلٹ کو ’زندہ جلا دیا گیا۔‘

اردن کے پائلٹ معاذ الکساسبہ کو دولتِ اسلامیہ نے حراست میں لے رکھا تھا اور ان کی رہائی کے لیے کوششیں جاری تھیں۔

اردن کے سرکاری ٹی وی نے پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اس میں ملوث افراد کو سزا دینے اور بدلہ لینے کا عزم کیا۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق پائلٹ معاذ الکساسبہ تقریباً ایک ماہ پہلے اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب ان کی بازیابی کے لیے کوششیں کی جا رہی تھیں۔

پائلٹ کی ہلاکت کی خبر ملنے پر اردن کے بادشاہ عبداللہ امریکہ کا دورہ مختصر کر کے واپس وطن پہنچ گئے ہیں لیکن اس سے پہلے وہ امریکی صدر براک اوباما سے ملاقات کر چکے تھے۔

وطن واپس پہنچنے پر بادشاہ عبداللہ نے ایک بیان میں شہریوں سے مشکل کا سامنا کرنے میں متحد رہنے کی اپیل کی۔

امریکی صدر براک اوباما نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر ویڈیو اصل ہے تو یہ دولتِ اسلامیہ کی بدی اور سفاکی کی ایک اور مثال ہے۔

یہ ویڈیو سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر دولتِ اسلامیہ سے وابستہ ایک اکاؤنٹ پر جاری کی گئی۔

26 منٹ دورانیے کی اس ویڈیو کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوئی تاہم ویڈیو میں ایک لوہے کے پنجرے کو شعلوں میں لپٹا دیکھا جا سکتا ہے جس کے اندر نارنجی رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے ایک شخص موجود ہے۔

لوگوں کی بڑی تعداد دارالحکومت کے مضافات میں اس جگہ پہنچ گئی ہے جہاں ہلاک کیے جانے والے پائلٹ کے اہلخانہ نے کیمپ لگا رکھا تھا

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنلوگوں کی بڑی تعداد دارالحکومت کے مضافات میں اس جگہ پہنچ گئی ہے جہاں ہلاک کیے جانے والے پائلٹ کے اہلخانہ نے کیمپ لگا رکھا تھا

لیفٹیننٹ معاذ الکساسبہ کو دسمبر میں الرقہ کے علاقے میں اس وقت دولتِ اسلامیہ نے حراست میں لے لیا تھا جب وہ دولتِ اسلامیہ کے خلاف امریکی قیادت میں جاری فضائی کارروائی میں شامل تھے اور ان کا جہاز گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ تاہم وہ اس حادثے میں بچ گئے تھے۔

اردن نے اپنے مغوی پائلٹ کی رہائی کے لیے ایک عراقی حملہ آور خاتون ساجدہ الرشاوی کو رہا کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی مگر اس پر اردن نے یہ مطالبہ کیا تھا کہ اس کے پائلٹ کے زندہ ہونے کا ثبوت پیش کیا جائے اور اس کو قیدی خاتون کے بدلے میں رہا کیا جائے۔

ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد سینکڑوں افراد اردن کے دارالحکومت عمان کے مضافات میں اس جگہ پہنچ گئے جہاں ہلاک کیے جانے والے پائلٹ کے اہلخانہ اور ان کے عزیزوں نے احتجاجی کیمپ لگا رکھا ہے۔

معاذ الکساسبہ اردن کے ایک طاقتور قبیلے سے تعلق رکھتے تھے اور اُن کے رشتہ داروں کی جانب سے حکومت پر شدید دباؤ تھا

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنمعاذ الکساسبہ اردن کے ایک طاقتور قبیلے سے تعلق رکھتے تھے اور اُن کے رشتہ داروں کی جانب سے حکومت پر شدید دباؤ تھا

ابھی تک پائلٹ کے اہلخانہ نے ذرائع ابلاغ سے بات نہیں کی ہے تاہم پائلٹ کے ایک عزیز نے بی بی سی کو بتایا کہ اردن کو شدت پسندی کے خلاف کارروائی کرنا چاہیے۔

اس سے پہلے یکم فروری کو اردنی حکومت کے ترجمان محمد المومنی نے سرکاری خبر رساں ادارے بترا کو بتایا کہ ’حکومت اپنے پائلٹ کی رہائی اور اُن کی زندگی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔‘

معاذ الکساسبہ کے خاندان والوں نے گذشتہ دنوں حکومت پر زور دیا کہ وہ اُن کی رہائی کے تمام ممکنہ اقدامات کریں اور مزید معلومات فراہم کریں۔

معاذ الکساسبہ کے خاندان کے افراد ان کی رہائی کے لیے اپیل کرتے ہوئے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنمعاذ الکساسبہ کے خاندان کے افراد ان کی رہائی کے لیے اپیل کرتے ہوئے

دولتِ اسلامیہ نے اس کے بعد ساجدہ الرشاوی کی رہائی کا مطالبہ کیا جو 2005 میں اردن کے دارالحکومت عمان کے ایک ہوٹل میں بم دھماکہ کرنے کے جرم میں سزائے موت کی منتظر تھیں۔

دولتِ اسلامیہ نے اس کے بعد دوسرے جاپانی یرغمال مسٹر گوٹو کی رہائی کے لیے جمعرات کی ڈیڈ لائن دی تھی کہ ان کے بدلے میں الرشاوی کو رہا کیا جائے۔