شو کے دوران موسیقار انتقال کر گیا

یونون ہولوکاسٹ کے دوران قتل ہونے والے موسیقاروں کے تحریری کام کی تحقیق کے لیے جانے جاتے تھے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنیونون ہولوکاسٹ کے دوران قتل ہونے والے موسیقاروں کے تحریری کام کی تحقیق کے لیے جانے جاتے تھے

معروف اسرائیلی کنڈکٹر یعنی موسیقار اسرائیل ینان سوئٹزر لینڈ میں ایک کانسرٹ کے دوران بے ہوش ہو کر انتقال کر گئے ہیں۔

انسٹھ سالہ کنڈکٹر لوزرن کے شہر میں سوئس یوتھ آرکسٹرا کی کانسرٹ میں اپنے موسیقی کے بینڈ کو کنڈکٹ کر رہے تھے جب وہ سب کے سامنے بے ہوش ہو کر نیچے گر گئے۔

کانسرٹ کے حاضرین میں سے ایک شخص نے اُن کی مدد کرنے کی کوشش کی لیکن موسیقار نے ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ایمبولینس میں دم توڑ دیا۔

ان کی موت کی وجہ کے بارے میں فوری طور پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں ائیں۔ ان کے ساتھیوں کا کہنا تھا کہ انھوں نے ’ایک بڑے دل والا دوست کھو دیا ہے۔‘

لوزرن یونیورسٹی کی اطلاقی سائنسز اور آرٹس کے محکمہ جہاں موسیقار اسرائیل کام کرتے تھے کے ایک ترجمان مارک رائن ہارٹ نے کہا کہ وہ ایک بہت ’حساس مدرس‘ تھے۔

وہ اسرائیل میں پیدا ہوئے لیکن بعد میں جرمنی منتقل ہو گئے اور انھوں نے اپنی پوری زندگی ہولوکاسٹ میں ہلاک ہونے والے موسیقاروں کے کام کو تلاش کرنے میں گزار دی۔

انھوں نے کئے آرکسٹرا میں کام کیا جس میں بی بی سی کا سمفنی آرکیسٹرا ،یروشلم سمفنی آرکسٹرا اور رائل فلہارمونک بھی شامل ہیں۔