یورپ میں ہائی الرٹ، فرانس کے بعد بیلجیئم میں بھی فوج تعینات

،تصویر کا ذریعہn
یورپ میں مشتبہ اسلام پسند جنگجوؤں کے خلاف کارروائیوں کے بعد دہشت گردی کی کارروائیوں کے خدشات کے پیشِ نظر براعظم کے متعدد ممالک میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
پیرس میں شدت پسندوں کے حملوں میں 17 افراد کی ہلاکت کے بعد سے فرانس کے علاوہ بیلجیئم اور جرمنی میں کم از کم 20 افراد حراست میں لیے گئے ہیں۔
فرانس کے بعد سینیچر کو بلجیئم نے بھی ملک میں پولیس کے ساتھ فوج کو بھی تعینات کرنا شروع کردیا ہے جبکہ برطانیہ میں بھی پولیس کو دہشت گردانہ حملے کے خدشے کے تحت ہوشیار کر دیا گيا ہے۔
بیلجیئم کے وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دارالحکومت برسلز اور ہیروں کی تراش خراش کی صنعت کے لیے مشہور شہر اینٹورپ سمیت متعدد شہروں میں 300 فوجیوں کو اہم مقامات کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
ملک میں یہودی سکولوں اور حکومتی عمارات کے باہر بھی مسلح فوجی تعینات ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح فوجیوں کی بنیادی ذمہ داری مخصوص مقامات کا سروے کرنا ہوگی۔
بیلجیئم کی وزارتِ دفاع کے مطابق فوجیوں کے علاوہ 150 پولیس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں اور ان کی تعداد آنے والے ہفتے میں دوگنی ہو جائے گی۔

،تصویر کا ذریعہepa
وزارت کا کہنا ہے کہ ملک میں خطرے کی سطح درجہ تین پر رہے گی جو دوسرا بلند ترین درجہ ہے اور اس سطح کا جائزہ ایک ہفتے بعد لیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بیلجیئم میں جمعرات کی شب انسدادِ دہشت گردی کی کارروائی میں دو افراد کی ہلاکت کے بعد جمعے کو پانچ افراد کو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
جمعرات کوملک کے مختلف علاقوں میں مارے جانے والے چھاپوں میں پولیس کو اسلحہ، گولہ بارود، پولیس کی وردیاں اور بھاری رقم ملی تھی۔
عدالت کے ایک اہلکار ایرک وان ڈر سیپٹ نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا: ’تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ لوگ کئی پولیس اہلکاروں کو مارنے کا ارادہ رکھتے تھے۔‘
انھوں نے بتایا کہ ’مجموعی طور پر 13 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے لیکن صرف پانچ کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا۔‘
اس کے علاوہ بیلجیئم فرانس میں پکڑے جانے والے دو مشتبہ افراد کو اپنی تحویل میں لینا چاہتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
جمعے کو بیلجیئن حکام نے دہشت گردوں سے نمٹنے کے نئے طریقوں کا اعلان کیا ہے۔
ان میں دہشت گردوں کے بیرون سفر کو جرم قرار دیے جانے کے علاوہ دوہری شہریت کے حامل افراد کی شہریت کا دہشت گردی کا خطرہ پائے جانے پر منسوخ کیا جانا وغیرہ شامل ہیں۔
یورپی ممالک کے حکام اپنے ان شہریوں کے بارے میں شدید خدشات کا شکار ہیں جو شام اور عراق میں جہاد میں حصہ لینے گئے تھے۔
بیلجیئم میں حکام کا کہنا ہے کہ اس کے قریباً 350 شہری شام اور عراق گئے تھے جن میں سے 100 واپس آ چکے ہیں اور ملک کے خفیہ ادارے ان کی نگرانی کر رہے ہیں۔
اگرچہ بیلجیئم میں دہشت گردی کے منصوبے اور فرانس میں ہونے والے حملے کے درمیان کوئی تعلق نہیں ملا ہے لیکن فرانسیسی وزیر اعظم مینوئل ولاس نے جمعے کو کہا کہ دونوں ممالک کو ایک ہی طرح کے خطرات لاحق ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’ان میں جو تعلق ہے وہ ہمارے اقدار پر حملہ کرنے کا ہے۔‘
فرانس میں اس وقت پورے یورپ میں سب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور ملک میں تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار پولیس اور فوجی اہلکار تعینات ہیں۔
پیرس میں گذشت ایک ہفتے میں 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
آئی ٹیلے نے رپورٹ کیا ہے کہ پولیس نے پانچ شہروں میں چھاپے مارے اور جو لوگ حراست میں لیے گئے ہیں ان سے اب ممکنہ لاجسٹک تعاون جیسے ہتھیار، گاڑیاں وغیرہ فراہم کرنے کے بارے میں سوال کیے جار ہے ہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ فرانس اور بلجیئم میں ہونے والے واقعات ان کے یورپی پڑوسیوں پر اہم اثرات رکھتے ہیں۔
سپین نے فرانس میں حملے سے چند دن قبل امیدی کولیبلے کی میڈرڈ آمد کے بارے میں جانچ کا آغاز کیا ہے جبکہ جرمنی میں پولیس نے دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور 11 مقامات پر چھاپے مارے ہیں جس میں 250 آفیسر شامل تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ لوگ شام میں ایک پر تشدد حملے کی تیاری کر رہے تھے لیکن جرمنی میں ’حملے کا کوئی عندیہ‘ نہیں ملا ہے۔







