سرکاری عمارتوں میں لفٹس کے استعمال پر پابندی

،تصویر کا ذریعہWIKIMEDIA JANINE
اطلاعات کے مطابق ترکی میں ایک علاقائی گورنر نے سرکاری عمارتوں میں پہلی تین منزلوں تک پہنچنے کے لیے لفٹس کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے۔
روزنامہ صباح کی ویب سائٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ مغربی صوبے ’ایڈرن‘ کے گورنر علی شاہین درسن نے موٹاپا کے خلاف ایک مہم کے حصے کے طور حکم جاری کیا ہے کہ لوگ سیڑھیوں کا استعمال کریں۔
ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اس پابندی سے ہسپتالوں اور نرسنگ ہومز کی عمارتیں مستثنٰی ہوں گی اور ایسے لوگ بھی جو طبی وجوہات کی بنا پر سیڑھیاں نہیں لے سکتے ہیں۔
گورنر کا کہنا ہے کہ انھوں نے لفٹس کے استعمال پر پابندی لوگوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے لگائی ہے اور مستقبل میں وہ اس پابندی کو نجی عمارتوں پر بھی لاگو کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
روزنامہ صباح سے بات کرتے ہوے ان کا کہنا تھا کہ’لفٹس کے بجائے سیڑھیاں لے کر آپ اپنی زندگی میں ایک دن کا اضافہ کرسکتے ہیں۔اس پابندی سے بہتر صحت کے فروغ کے ساتھ بجلی کے بل کم کرنے میں مدد ملے گی۔‘
گورنر علی شاہین درسن کا مزید کہنا تھا کہ نئے قواعد پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری عمارتوں میں لفٹ سپروائزر تعینات کیے جائیں گے۔
ترکی میں لفٹ کے استعمال پر پابندی کا یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے لیکن کئی سوشل میڈیا کے صارفین کا کہنا ہے کہ لوگ جلد ہی اس سے بچنے کا راستہ نکال لیں گے۔
ٹویٹر پر مرات نامی ایک ترک شہری نے لکھا ہے کہ ’اس طرح کی پابندی ترکی میں کام نہیں کرے گی، لوگ چوتھی منزل تک لفٹ کا استعمال کریں گے اور پھر چل کر نیچے تیسری منزل پر چلے جائیں گے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ گذشتہ سال گورنر علی شاہین درسن نے کافی کی دکانوں پر چائے اور کا فی میں ایک چمچ سے ذیادہ چینی ڈالنے پر پابندی لگا دی تھی۔







