’پابندیاں ثابت کریں گی کہ پوتن نے غلطی کی‘

لوگ سوچ رہے ہیں کہ پوتن نے جو کیا، وہ اتنا کمال بھی نہیں تھا: براک اوباما

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنلوگ سوچ رہے ہیں کہ پوتن نے جو کیا، وہ اتنا کمال بھی نہیں تھا: براک اوباما

امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ روس پر عائد کی گئی عالمی پابندیاں ثابت کریں گی روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرائن کے جزیرہ نما كرائميا کو روس کا حصہ بنا کر غلطی کی تھی۔

نیشنل پبلک ریڈیو پر بات چیت میں امریکی صدر نے کہا کہ چند ماہ پہلے واشنگٹن میں لوگ کہہ رہے تھے کہ پوتن سٹریٹیجک حکمت عملی کے ماہر ہیں جنہوں نے مغرب کو مات دے کر روس کی طاقت کو بڑھایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں سوچ سمجھ کر اور تیل کی گرتی ہوئی عالمی قیمتوں اور روس پر ان کے اثرات کو مدِنظر رکھتے ہوئے لگائی گئی تھیں۔

امریکی صدر کے مطابق اب روس کو ان پابندیوں کی قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے اور لوگ سوچ رہے ہیں کہ پوتن نے جو کیا، وہ اتنا کمال بھی نہیں تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ کچھ ماہ سے روس کی کرنسی، روبل کی قدر دِن بدن تیل کی گرتی ہوی قیمتوں اور مغربی پابندیوں کے ساتھ کم ہو رہی ہے۔

اس سال روبل کی قدر میں 40 فیصد کمی آئی ہے اور ملک میں افراط زر کی شرح ان دنوں نو فیصد سے تجاوز کر چکی ہے۔

روس کے سابق وزیر خزانہ نے حال ہی میں خبردار کیا ہے کہ ملک آئندہ برس کساد بازاری کا شکار ہو جائے گا۔

امریکہ اور یورپی ممالک نے کرائمیا کے الحاق اور مشرقی یوکرین میں علیحدگی پسندوں کے حملوں کے جواب میں روس پر اقتصادی پابندیاں عائد کی تھیں جو ملک کے معاشی مسائل میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔۔