یونان سے اٹلی جانے والی کشتی میں آگ لگ گئی

،تصویر کا ذریعہAFP
یونان سے اٹلی جانے والی ایک بڑی کشتی میں اتوار کو آتش زدگی کے بعد اسے خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس کشتی میں ساڑھے چار سو سے زیادہ مسافر سوار تھے۔
نارمن اٹلانٹک نامی اس کشتی پر سوار مسافروں نے یونان کے ٹیلی ویژن سٹیشنوں کو فون کر کے بتایا کہ خراب موسم اور طغیانی امدادی کارروائیوں میں حائل ہے۔
یونانی کوسٹ گارڈ کے حکام نے بتایا کہ نارمن اٹلانٹک مغربی یونان کے پیٹراز ساحل سے اطالوی بندرگاہ اینکونا جا رہی تھی اور اس نے خطرے کے سگنل بھیجے۔ اس وقت وہ اوتھونی جزیرے سے 33 ناٹیکل میل کے فاصلے پر تھی۔
اطالوی میڈیا کا کہنا ہے کہ مسافر بردار کشتی کے انجن میں آگ لگ گئی ہے۔
دریں اثنا اس کشتی کے آس پاس موجود کشتیوں کو کہا گیا ہے کہ اس میں موجود مسافروں کی امداد کریں۔
خبررساں ادارے اے پی کے مطابق مرچنٹ میرین کے وزیر ملتیادس واروتسیوتس نے کہا کہ ابھی تک 35 لوگوں کو بچایا جا چکا ہے، تاہم امدادی کوششوں کو مشکلات درپیش ہیں کیونکہ موسم خراب ہے اور سمندر میں تلاطم ہے۔
انھوں نے بتایا کہ اچھی بات یہ ہے کہ اس علاقے میں بہت سی کشتیاں ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ لوگوں کو بچا لیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رواں سال جنوری میں کوسٹ کونکورڈیا نامی ایک بحری جہاز گگلو آئی لینڈ کے ساحل کے نزدیک سمندر میں ریت کے ایک بڑے ٹیلے سے ٹکرا گیا تھا جس میں چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔







