دولتِ اسلامیہ نے اردن کا طیارہ نہیں گرایا: امریکہ

،تصویر کا ذریعہRAQQA MEDIA CENTER
امریکہ نے کہا ہے کہ اردن کا ایف سولہ جنگی طیارہ جو دولت اسلامیہ کے زیر قبضہ علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا ہے اسے دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں نے نہیں گرایا ہے۔
دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں نے طیارے کے پائلٹ فلائٹ لیفٹینٹ مواز یوسف کو گرفتار کرلیا ہے اور انٹرنیٹ پر اس کی تصاویر جاری کی ہیں۔
اس سے پہلے دولت اسلامیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اردن کے طیارے کو مار گرایا ہے۔
امریکہ نے کہا ہے کہ واضح شہادتیں اس جانب واضح اشارہ کرتی ہیں کہ دولت اسلامیہ نے اردن کے طیارے کو نہیں گرایا۔ البتہ امریکہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ طیارہ کیسے گرا۔
اردن ان چار عرب ممالک میں سے ایک ہے جو امریکہ کی سربراہی میں قائم ہونے والے اس فوجی اتحاد کا حصہ ہیں جو شام میں گذشتہ تین ماہ سے دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں پر بمباری کر رہا ہے۔
اردن کا طیارہ رقہ کے قریب تباہ ہوا ہے۔ رقہ پر عراق اور شام میں سرگرم تنظیم دولتِ اسلامیہ کا کنٹرول ہے اور تنظیم کا دعویٰ ہے کہ اس نے اردنی فضائیہ کا جنگی طیارہ مار گرایا ہے اور پائلٹ ان کے قبضے میں ہے۔



