بدھا کی توہین کے الزام میں تین افراد پر مقدمہ

یہ تصویر بار کے فیس بک صفحے پر شائع ہوتے ہی لوگوں نے آن لائن پر اس تصویر پر ناراضگی کا اظہار کیا

،تصویر کا ذریعہPhilip Blackwood

،تصویر کا کیپشنیہ تصویر بار کے فیس بک صفحے پر شائع ہوتے ہی لوگوں نے آن لائن پر اس تصویر پر ناراضگی کا اظہار کیا

برما میں ایک نیوزی لینڈ اور دو برمی باشندوں پر بودھ مت کی توہین کے الزام میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

یہ تینوں برما کے دارالحکومت میں ایک بار چلاتے ہیں اور ان پر الزام ہے کہ انھوں نے شراب کی تشہیر کے لیے ایک اشتہاری پرچہ شائع کیا جس میں بدھا کو ہیڈ فونز پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

یہ تصویر بار کے فیس بک صفحے پر شائع ہوتے ہی لوگوں نے آن لائن پر اس تصویر پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

برما کے قانون کے مطابق مذہب کی توہین یا اسے نقصان پہنچانا غیر قانونی ہے۔ برما میں بودھ قوم پرستی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

وی گاسترو کے اس اشتہار میں دکھایا گیا ہے کہ بدھا کی آنکھیں بند ہیں اور انھوں نے ہیڈ فون پہنے ہوئے ہیں اور ان کے ارد گرد بہت سے رنگ ہیں۔

اس اشتہار کے ساتھ لکھے گئے الفاظ میں کہا گیا تھا کہ بے حساب شراب اور شیشہ سے بھرپور شام۔

گذشتہ ہفتے پولیس نے اس بار کو بند کر کے اس کے جنرل مینیجر 32 سالہ فلپ بلیک وڈ اور دو برمی باشندوں کو کو گرفتار کر لیا تھا۔

برما کے قانون کے مطابق مذہب کی توہین یا اسے نقصان پہنچانا غیر قانونی ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنبرما کے قانون کے مطابق مذہب کی توہین یا اسے نقصان پہنچانا غیر قانونی ہے

یہ گرفتاریاں مذہب سے متعلق سرکاری ادارے کی جانب سے شکایت پر کی گئیں۔

اس مقدمے میں چھ ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے اور تینوں کو دو دو برس تک جیل کی سزا ہو سکتی ہے۔

اس تصویر کو ہٹا کر اس جگہ معذرتی پیغام شائع کر دیا گیا ہے کہ اس تشہیر کا مقصد کسی مذہبی گروہ کی دل آزادی نہیں تھا۔