بدھ متوں کا مسجد پر حملہ، کرفیو نافذ

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں واقع ایک مسجد پر بودھوں کے ایک گروہ نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ واقعہ کولمبو کے علاقے گرینڈ پاس میں ہوا۔ مسجد پر حملے کے بعد بودھوں اور مسلمانوں کے درمیان تصادم ہوا اور پولیس نے علاقے میں کرفیو نافذ کردیا ہے۔
پچھلے ماہ بودھوں کے ایک گروہ نے مسجد کے قریب مظاہرہ کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ یہ مسجد منتقل کی جائے۔
واضح رہے کہ بودھوں نے حالیہ مہینوں میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف مہم کو تیز کردیا ہے۔
سنیچر کو ہونے والے تصادم میں کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمی ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار بھی تھے جو مسجد کی حفاظت کے لیح تعینات تھے۔
کولمبو میں بی بی سی کے نمائندے اعظم امین کو اس علاقے کے ایک رہائشی نے بتایا کہ شام کی نماز کے وقت بودھوں نے نمازیوں پر پتھراؤ کیا۔
پولیس کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ فوری طور پر پولیس اور کمانڈوز کو حالات پر قابو پانے کے لیے بھیجا۔
بودھوں نے کئی بار مسجد پر اعتراض اٹھایا اور آخر میں انہوں نے رمضان کے ختم ہونے تک کی مہلت دی۔ تاہم اس علاقے کے مسلمانوں کا کہنا ہے کہ ان کو سری لنکا کی وزارت برائے مذہبی امور نے اس مسجد کو استعمال کرنے کی اجازت دی ہوئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پچھلے ایک سال سے سری لنکا میں بودھوں نے مساجد اور مسلمانوں کی دکانوں کے علاوہ گرجا گھروں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
اس سال فروری میں ایک بدھ مت گروہ نے حلال کھانوں کے نظام کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
بدھ مت الزام لگاتے ہیں کہ مسلمان اور عیسائی لوگوں کے مذہب تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ تاہم مسلمان اور عیسائی ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔







