یروشلم: اسرائیلی فوجیوں سے تصادم میں فلسطینی وزیر ہلاک

فلسطینی وزیر کی گذشتہ ہفتے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران تصویر

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنفلسطینی وزیر کی گذشتہ ہفتے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران تصویر

اطلاعات کے مطابق غرب اردن میں ایک مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ تصادم میں ایک فلسطینی وزیر ہلاک ہو گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے فوٹوگرافر کے مطابق ترموسیا گاؤں کے نزدیک فلسطینی وزیر زید ابو عین اسرائیلی فوجیوں کے مارنے اور دھکے کی وجہ سے ہلاک ہو گئے۔

تاہم فلسطین کے طبی عملے نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی قلمدان کے بغیر وزیر زید ابو عین کی ہلاکت آنسوگیس کی وجہ سے دم گھٹنے سے ہوئی۔

زید ابو عین کو اس واقعے کے فوری بعد ایمبولینس کے ذریعے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ وہاں پہنچنے سے پہلے ہی انتقال کر چکے تھے۔

زید ابو عین اسرائیلی بستیوں کی تعمیر کے خلاف مہم کے سربراہ تھے۔

ہلاکت کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے کہ جب علاقے میں پہلے سے ہی ماحول کشیدہ ہے۔

حالیہ ہفتوں یروشلم میں فلسطینیوں کے ہاتھوں 11 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں جبکہ تشدد کے واقعات میں 12 فلسطینی بھی مارے گئے۔