نائیجیریا: مارکیٹ میں دو خودکش دھماکے، 78 ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
افریقی ملک نائیجیریا کے شمالی شہر میدوگری میں طبی عملے کا کہنا ہے کہ دو خودکش حملوں میں 78 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ خودکش دھماکے دو خواتین نے کیے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پہلے ایک نوجوان لڑکی نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑایا اور جب لوگ متاثرین کی مدد کے لیے پہنچے تو دوسری خاتوان خود کش بمبار نے اپنے آپ کو اڑا دیا۔
ان دھماکوں کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے تاہم شک ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کے پیچھے شدت پسند تنظیم بوکو حرام کا ہاتھ ہو گا۔
اطلاعات کے مطابق حجاب لیے ہوئے دو لڑکیاں مصروف مارکیٹ میں داخل ہوئیں اور یکے بعد دیگرے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا۔
عینی شاہد کا کہنا ہے کہ پہلے دھماکے میں تین خواتین ہلاک ہوئیں اور جب لوگ زخمیوں کی مدد کے لیے جمع ہوئے تو دوسری خود کش بمبار لڑکی نے اپنے آپ کو اڑا دیا۔
انسیانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ بوکو حرام کے حملوں میں 2014 میں اب تک کم از کم 1500 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بوکو حرام سنہ 2002 میں قائم ہونے کے بعد بورنو ریاست کے شہر میدوگری میں اس کا مرکز تھا لیکن نائیجیریا کی فوج اور رضا کاروں نے اس تنظیم کو اس شہر سے باہر نکال دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بوکو حرام کا اب بھی بورنو کے کئی قصبوں اور دیہاتوں پر قبضہ ہے۔ حکام خدشہ ظاہر کرتے ہیں کہ بوکو حرام میدوگری پر دوبارہ قبضے کی تیاریاں کر رہا ہے۔







