سمندر میں پھنسے تین سو افراد کی تلاش جاری

۔۔ قبرص شام سے نسبتاً قریب پڑتا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن۔۔ قبرص شام سے نسبتاً قریب پڑتا ہے

قبرص نے ان تین سو لوگوں کی تلاش کا کام شروع کردیا ہے جن کے بارے میں خیال ہے کہ ان کاتعلق شام سے ہے اور وہ جزیرے کے مغربی ساحل کے قریب پھنسے ہوئے ہیں۔

مچھیروں کی ایک چھوٹی سی کشتی پر سوار ان لوگوں میں عورتوں اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

ان لوگوں کو قبرص کے سیاحتی شہر پاپوس سے سو کلومیٹر جنوب کی سمت سمندر میں دیکھا گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر اس جگہ پر پہنچ گئے ہیں۔

قبرص کے حکام کا کہنا ہے کہ سمندر کی موجوں میں پھنس جانے کے بعد کشتی کی طرف سے انھیں مدد کی کال کی گئی تھی۔

قبرص کے ذرائع ابلاغ کے مطابق قبرصی حکام نے فوری طور پر کوسٹ گارڈز کی کشتیوں اور جہازوں کو کشتی کی سمت میں روانہ کر دیا تھا۔

شام میں جاری مسلح کشمکش کی وجہ سے چھوٹی چھوٹی کشتیوں کے ذریعے بحیرۂ روم عبور کرنے کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ بیشتر لوگ ان کشتیوں کے ذریعے مالٹا یا اٹلی کی طرف جانے کی کوشش کرتے ہیں۔

مچھیروں کی چھوٹی کشتیوں پر سمندر عبور کرنا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنمچھیروں کی چھوٹی کشتیوں پر سمندر عبور کرنا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے

لیبیا بدامنی اور لاقانونیت کی وجہ سے غیر قانونی تارکینِ وطن کے راستے کا اہم پڑاؤ بن گیا ہے جہاں سے لوگ بحیرۂ روم کو عبور کرنے کی کوشش میں کشتیوں پر سوار ہوتے ہیں۔ تاہم قبرص شام کے قریب ہونے کی وجہ سے زیادہ شامی مہاجرین کی منزل بنا ہوا ہے۔