’سارکوزی کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات معطل‘

،تصویر کا ذریعہAFP GETTY
فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کے سابق صدر نیکولا سارکوزی کے خلاف بدعنوانی کے معاملات کی تحقیقات روک دی گئی ہیں۔
میڈیا نے عدالتی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ اب پیرس میں اپیل عدالت سابق صدر کی جانب سے ان کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات خارج کرنے کی درخواست کی سماعت کرے گی۔
59 سالہ سارکوزی کو بدعنوانی کے علاوہ کئی دیگر عدالتی تحقیقات کا بھی سامنا ہے۔
گذشتہ ہفتے انھوں نے کہا تھا کہ وہ حزبِ مخالف کی جماعت یو ایم پی پارٹی کی سربراہی کرنا چاہتے ہیں۔
یو ایم پی پارٹی میں رواں برس دسمبر میں انتخابات ہونا ہیں۔
ان کے اس اعلان کو 2017 میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں شرکت کے لیے پہلے قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
نیکولا سارکوزی نے 2012 کے صدارتی انتخاب میں شکست کے بعد سیاست ترک کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن کئی ماہ سے ان کی سیاست میں واپسی کی خبریں گرم تھیں۔
صدارت سے علیحدگی کے بعد نیکولا سارکوزی سیاسی طور پر زیادہ سرگرم نہیں رہے اور ان کے خلاف دورِ صدارت میں کیے گئے اقدامات پر تحقیقات بھی جاری ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بدعنوانی کے جس معاملے کی تحقیقات معطل کی گئی ہیں اس میں سابق فرانسیسی صدر پر ان ججوں پر دباؤ ڈالنے کا الزام ہے جو ان کے معاملات کی تحقیقات کر رہے تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ یہ تحقیقات کئی ماہ تک معطل رہ سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ نیکولا سارکوزی پر لیبیا کے سابق ڈکٹیٹر کرنل معمر قذافی سے روابط رکھنے اور انتخابی مہم کے دوران غیرقانونی ذرائع کے استعمال کے معاملات میں بھی تحقیقات ہو رہی ہیں۔
سارکوزی ان تمام الزامات سے انکار کرتے رہے ہیں۔







