ریاستِ اسلامیہ پر عراق و شام میں ’قتل عام‘ کا الزام

،تصویر کا ذریعہEPA
شمالی عراق اور مشرقی شام کے علاقوں میں ریاستِ اسلامیہ کے جنگجوؤں پر سینکڑوں افراد کے قتل عام کا الزام لگایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ علاقے فی الحال ریاستِ اسلامیہ کے کنٹرول میں ہیں۔
جمعے کو ملنے والی غیر تصدیق شدہ اطلاعات کے مطابق عراق کے ایک گاؤں میں یزیدی مذہبی اقلیت کے کم از کم 80 افراد کو قتل کر دیا گیا اور خواتین اور بچوں اغوا کر لیا گیا۔
ریاستِ اسلامیہ پر شام کے صوبے دیر الزور میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران مخالفت کرنے والے 700 قبائلیوں کو قتل کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
رواں تشدد کے واقعات میں ایک اندازے کے مطابق صرف عراق میں 12 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب امریکہ شمالی عراق میں کرد افواج کو فضائی حملوں کے ذریعے تعاون فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ ریاستِ اسلامیہ کے جنگجوؤں سے انتہائی اہمیت کے حامل موصول ڈیم کو دوبارہ حاصل کر سکیں۔
امریکہ کی مرکزی کمان نے کہا کہ اس نے سنیچر کے روز ابریل اور ڈیم کے آس پاس نو حملے کیے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
مرکزی کمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ان حملوں میں چار فوج بردار گاڑیاں، سات اسلحے سے لیس گاڑیاں، دو ہمویز اور ایک بکتربند گاڑی کو تباہ کردیا گیا ہے یا انھیں نقصان پہنچا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’تمام طیارے حملے کے بعد سلامتی سے لوٹ آئے۔‘
برطانیہ، جرمنی اور دوسرے ممالک عراق کے شمالی علاقوں میں موجود پناہ گزینوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ریاستِ اسلامیہ بنانے والی تنظیم داعش شروع میں شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف شامی خانہ جنگی میں سامنے آئی لیکن اس کے بعد سے اس نے عراق کے بہت سے حصے پر قبضہ کر لیا اور موصل کو اپنا دارالحکومت بنایا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اطلاعات کے مطابق جمعہ کی سہ پہر ریاستِ اسلامیہ کے جنگجو کوہِ سنجار سے 45 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع كوچو گاؤں میں داخل ہوئے اور مبینہ طور پر وہاں کے لوگوں سے کہا کہ اسلام لے آئیں یا مرنے کے لیے تیار ہو جائیں۔
امریکہ میں مقیم یزیدی رضاکار ہادی پیر کے مطابق گاؤں والوں کو ایک ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔ ان کے مطابق گاؤں والوں کو وہاں کے واحد سکول میں جمع کیا گیا تھا۔ مردوں کو گولی مارنے کے بعد باقی لوگوں کو بس میں بیٹھا کر نامعلوم مقام کے لے جایا گيا ہے۔
اس کے بعد امریکی فوج نے کہا کہ جمعے کی صبح اس نے کوہِ سنجار کے قریب ریاستِ اسلامیہ کی دو گاڑیوں کو نشاندہی کے بعد ڈرون حملے سے انھیں تباہ کر دیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
دریں اثنا برطانیہ میں قائم شامی حزب اختلاف کے رضاکاروں نے خبر دی ہے کہ ریاستِ اسلامیہ نے تیل سے مالامال صوبے دیر ازور میں الشیتات قبیلے کے 700 افراد کو مار ڈالا ہے۔
سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ ’معتبر ذرائع نے خبر دی ہے کہ بہت سے قبائیلیوں کے سر تن سے جدا کر دیے گئے۔‘
آبزرویٹری کے ڈائرکٹر عادل رحمان نے خبر رساں ادارے روئیٹرز کو ٹیلیفون پر بتایا کہ ’جن کا قتل کیا گیا وہ سب الشعیطات قبیلے سے تعلق رکھتے تھے۔ بعض لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور تفتیش کے بعد قتل کر دیا گيا۔‘

،تصویر کا ذریعہReuters
سوشل میڈیا پر یہ خبر آئی کہ الشعیطات کے لوگوں کے سروں کو کاٹ کر سڑکوں اور گلیوں میں عبرت کے لیے رکھ دیا گيا۔
اس ماہ کے اوائل میں اس علاقے کے قبائلیوں نے ریاستِ اسلامیہ کے جنگجوؤں کو مقامی طور پر مزاحمت کے ذریعے نکالنے کی کوشش کی تھی۔
دوسری جانب مغربی ممالک میں عراقی اقلیت، یزیدی، عیسائی اور دیگر فرقوں کی حمایت میں مظاہرے کیے گئے ہیں۔







