نیویارک: شیروں کے ساتھ ’سیلفی‘ پر پابندی

نیوز ویب سائٹ دی میئرز کے مطابق رکن اسمبلی لینڈا روزنیتھل نے تصاویر پر پابندی کا بل متعارف کرایا ہے تاکہ جانوروں کے استحصال کو روکا جا سکے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشننیوز ویب سائٹ دی میئرز کے مطابق رکن اسمبلی لینڈا روزنیتھل نے تصاویر پر پابندی کا بل متعارف کرایا ہے تاکہ جانوروں کے استحصال کو روکا جا سکے

امریکی ریاست نیویارک میں حکام نے شیروں اور چیتوں کے ساتھ اپنی تصاویریعنی ’سیلفی‘ لینے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

حکام کے مطابق اس پابندی کا اطلاق چڑیا گھروں، سرکس اور کارنیول یعنی مختلف میلوں پر ہوگا۔

یہ پابندی اس وقت لگائی گئی جب ایک آن لائن ڈیٹنگ ایپ پر ایسی تصاویر کی کثرت ہوگئی جس میں مردوں نے شیروں اور چیتوں کے ساتھ اپنی تصاویر پوسٹ کرنا شروع کردیں۔

ایک مقامی ویب سائٹ پولیٹکس آن دی ہوڈسن نے لکھا ہے کہ دس میں سے ایک تصویر میں مرد شیر کے ساتھ نظر آتے تھے اور اس کا مقصد خواتین کے سامنے ایک ایسی شخصت کا تاثر پیدا کرنا ہے جو کہ مہم جو ہے۔

نیوز ویب سائٹ دی میئرز کے مطابق رکن اسمبلی لینڈا روزنیتھل نے تصاویر پر پابندی کا بل متعارف کرایا ہے تاکہ جانوروں کے استحصال کو روکا جا سکے۔

جانوروں کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کے مطابق چیتے کے ساتھ تصویر لینے کے رجحان کی وجہ سے لوگ چیتے کے بچے حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور پھر ان کو بڑے ہونے پر نظرانداز اور ان کے ساتھ برا سلوک کیا جاتا ہے۔