’اسلامی ریاست‘ کے جنگجوؤں کا قراقوش پر قبضہ، عیسائیوں کی نقل مکانی

ریاستِ اسلامیہ گروپ نے عراق اور شام کے کچھ حصوں پر قبضہ کر کے اسلامی خلافت قائم کی ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنریاستِ اسلامیہ گروپ نے عراق اور شام کے کچھ حصوں پر قبضہ کر کے اسلامی خلافت قائم کی ہے

عراق میں عیسائی اقلیت کے سب سے بڑے قصبے کے اسلامی شدت پسندوں کے کنٹرول میں آنے کے بعد وہاں سے ہزاروں عسیائیوں کی ہنگامی نقل مکانی کی اطلاعات ہیں۔

’ریاستِ اسلامیہ‘ گروپ نے نینوا صوبے میں قراقوش قصبے پر گذشتہ شب کرد فورسز کے انخلا کے بعد قبضہ کر لیا تھا۔

ایک بین الاقوامی عسیائی تنظیم کا کہنا ہے کہ عراق میں عیسائی آبادی کا ایک چوتھائی حصہ قراقوش اور اس کے مضافاتی علاقوں میں دیہاتوں سے بھاگ رہا ہے۔

ریاستِ اسلامیہ نے عراق اور شام کے کچھ حصوں پر قبضہ کر کے اسلامی خلافت قائم کی ہے۔

پیش مرگ نامی کرد فورسز شمالی عراق میں سنی شدت پسندوں کے خلاف کئی ہفتوں سے لڑ رہی ہیں۔

اس کے علاوہ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے عراق میں سنجار کے قصبے کے قریب پہاڑوں میں پھسے ہزاروں افراد کو ریاست اسلامیہ کے جنگجوؤں سے بچایا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق تقریباً ایک لاکھ افراد خودمختار کرد علاقے کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنایک اندازے کے مطابق تقریباً ایک لاکھ افراد خودمختار کرد علاقے کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں

گذشتہ اختتامِ ہفتہ جب ریاستِ اسلامیہ نے قوبے پر قبضہ کر لیا تو اقلیتی مذہبی گروپ یزیدیوں کے 50 ہزار افراد سنجار سے فرار ہو گئے تھے۔

فرانسیسی تنظیم فریترنیت آں عراق نے اپنے فیس بک کے صفحے پر کہا ہے کہ جب شدت پسندوں نے نینوا میں قراقوش قصبے کا کنٹرول حاصل کیا تو وہاں سے بیشتر رہائشی بچ نکالنے میں کامیاب ہو گئے۔

ایک اندازے کے مطابق تقریباً ایک لاکھ افراد خودمختار کرد علاقے کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں۔

قراقوش موصل شہر سے 19 میل جنوب مشرق میں واقع ہے۔ گذشتہ جون میں ریاستِ اسلامیہ نے موصل کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔