غزہ کی سرحد کے ساتھ اسرائیلی فوج تعینات

اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ یہ قدم کشیدگی بڑھانے کے لیے نہیں بلکہ اپنی حفاظت کے لیے اٹھایا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ یہ قدم کشیدگی بڑھانے کے لیے نہیں بلکہ اپنی حفاظت کے لیے اٹھایا گیا ہے

فلسطین کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد اسرائیل نے غزہ کی پٹی کے ساتھ اپنی سرحد پر اضافی فوج تعینات کر دی ہے۔

مغربی کنارے میں تین اسرائیلی نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد یروشلم میں ایک فلسطینی نوجوان لڑکے کو بھی قتل کر دیا گیا تھا۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ سے کیے جانے والے فلسطینی شدت پسندوں کے راکٹ حملوں کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ یہ قدم کشیدگی بڑھانے کے لیے نہیں بلکہ اپنی حفاظت کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

اس سے پہلے جمعرات کو اسرائیل نے غزہ میں فضائی حملے کیے جس میں دس فلسطینی زخمی ہوئے۔ اسرائیلی حملوں سے پہلے گذشتہ رات غزہ سے مسلسل راکٹ حملوں میں جنوبی اسرائیلی شہر سدیروت میں دو مکان تباہ ہو گئے۔

اسرائیلی افواج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح سے اسرائیلی فضائیہ غزہ میں دہشت گردی کے 15 ٹھکانوں کو نشانہ بنا چکی ہے۔ ترجمان کے مطابق جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا ان میں ہتھیار بنانے کی جگہیں اور تربیتی مراکز شامل ہیں۔

بدھ کے روز 17 سالہ محمد ابو خضیر کے قتل کی فلسطینی اور اسرائیلی دونوں ہی حکام نے مذمت کی تھی
،تصویر کا کیپشنبدھ کے روز 17 سالہ محمد ابو خضیر کے قتل کی فلسطینی اور اسرائیلی دونوں ہی حکام نے مذمت کی تھی

اس دوران سابق یروشلم میں فلسطینیوں نے مسلسل دوسرے دن محمد ابو خضیر کے اغوا اور قتل کے خلاف مظاہرہ کیا۔ نقاب پوش فلسطینیوں نے اسرائیلی پولیس پر پتھر اور بم پھینکے اور سڑکوں پر جلتے ہوئے ٹائر پھینکے۔

ابو خضیر کا خاندان اس کی لاش ملنے کا انتظار کر رہا ہے تاکہ ان کی آخری رسومات ادا کی جا سکیں۔

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک لاش کی جانچ پوری نہیں ہوئی ہے۔

فلسطینیوں کا دعویٰ ہے کہ خضیر کا قتل تین اسرائیلی نوجوانوں کے قتل کا بدلہ تھا۔ بدھ کے روز 17 سالہ محمد ابو خدیر کے قتل کی فلسطینی اور اسرائیلی دونوں ہی حکام نے مذمت کی تھی۔

یاد رہے کہ حال ہی میں تین مغوی اسرائیلی نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد اسرائیلی وزیرِ اعظم نے کہا تھا کہ حماس کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی، جبکہ حماس کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف کارروائی سے ’دوزخ کے دروازے کھل جائیں گے۔‘