عراق: تل عفر پر بھی قبضہ، امریکہ ایران بات چیت پر غور

،تصویر کا ذریعہAFP
شہریوں کا کہنا ہے کہ سُنی شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ عراق و شام (آئی ایس آئی ایس یا داعش) کے جنگجوؤں نے شمالی عراقی شہر تل عفر پر قبصہ کر لیا ہے۔
ادھر ایک امریکی اہلکار نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکہ عراق میں سلامتی کے معاملے پر ایران سے براہ راست بات چیت کے بارے میں غور کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ یہ بات چیت عراق کے سلسلے میں امریکی صدر براک اوباما کے مختلف آپشنز پر غور کے دوران سامنے آئی۔
دریں اثنا امریکہ نے داعش کی پوسٹ کردہ تصاویر کو ’خوفناک‘ قرار دیا جن میں بظاہر نظر آ رہا ہے کہ جنگجو عراقی فوجیوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔
ان تصاویر میں نقاب پوش جنگجوؤں کو کئی عراقی فوجیوں کو لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس کے بعد انھیں کھائیوں میں لیٹا ہوا دکھایا گیا ہے۔ ان میں ہلاک کرنے سے قبل اور بعد کی تصاویر شامل ہیں۔
عراقی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل قاسم الموسوی نے ان تصاویر کے اصلی ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
شمالی عراق میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار جِم موئر کا کہنا ہے کہ اگر یہ تصاویر اصلی ہیں تو یہ سنہ 2003 میں عراق پر امریکی قبضے کے بعد سب سے سفاکانہ قتلِ عام ہو گا۔

،تصویر کا ذریعہAP
یہ واقعات عراقی حکومت کے سنی جنگجوؤں کو پسپا کرنے کے دعووں کے بعد پیش آئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ ہفتے جنگجوؤں نے موصل اور تکریت سمیت کئی دوسرے شہروں پر قبضہ کر لیا تھا مگر عراقی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے کئی شہروں کو جنگجوؤں کے قبضے سے آزاد کروا لیا ہے۔
واشنگٹن میں بی بی سی کی رجنی ویدیاناتھن کا کہنا ہے کہ ہر چند امریکہ اور ایران ایک دوسرے کے پرانے مخالف رہے ہیں تاہم دونوں کو داعش کے بڑھتے ہوئے خطرے پر لگام لگانے میں دلچسپی ہے اور دونوں ہی عراقی حکومت کو فوجی امداد فراہم کرنے کے بارے میں غور کر رہے ہیں۔
امریکہ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ ایران سے براہ راست گفتگو پر غور کر رہا ہے جو اس ہفتے بھی ممکن ہے۔
بہر حال دونوں ممالک کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام پر ویانا میں تازہ دور کی بات چیت ہونے والی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAP
ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اگر امریکہ عراق میں کوئی کارروائی کرتا ہے تو ایران اس میں تعاون کے بارے میں غور کرے گا۔
واضح رہے کہ امریکی جنگی جہاز یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش جنگی بیڑہ خلیج میں تعینات ہونے کے لیے تیار ہے جس کے ساتھ مزید دو جنگی جہاز ہیں۔ تاہم امریکہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی امریکی فوجی عراق کی سرزمین پر نہیں اترے گا۔
امریکہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ بغداد میں اپنے سفارت خانے کی سکیورٹی میں اضافہ کر رہا ہے اور سفارت خانے کے بعض اہلکاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے جا رہا ہے۔
دریں اثنا یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے 130 جوان تربیت اور مشورہ فراہم کرنے کے لیے عراق میں موجود ہیں۔







