شدت پسندوں نے موصل کے بعد تکریت پر بھی قبضہ کر لیا

تکریت

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنتکریت صدام حسین کا آبائی شہر ہے اور بغداد سے ایک پچاس کلو میٹر کےے فاصلے پر واقع ہے۔

عراقی سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اسلامی شدت پسندوں نے منگل کو موصل کے بعد سابق صدر صدام حسین کے آبائی شہر تکریت پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔

وزیرِ اعظم نوری المالکی نے کہا ہے کہ شدت پسندوں کے خلاف لڑنے کی بجائے فرار ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کو سزائیں دی جائیں گی۔

شدت پسندوں کا تعلق دولتِ اسلامیہ عراق والشام (آئی ایس آئی ایس) سے ہے۔ اس تنظیم کو القاعدہ کی شاخ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

آئی ایس آئی ایس کا صوبہ نینوا پر غیر رسمی کنٹرول کئی ماہ سے تھا۔

کہا جاتا ہے کہ آئی ایس آئی ایس کو شام کے بڑے حصے اور مغربی و وسطی عراق پر کنٹرول حاصل ہے اور اس کی کوشش ہے کہ عسکریت پسند سنی علاقے قائم کیا جائے۔

موصل سے آخری اطلاعات ملنے تک شدت پسندوں کے قبضے کے بعد تقریباً پانچ لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔

تکریت بغداد کے شمال میں ڈیڑھ سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

اطلاعات کے مطابق موصل میں متعدد پولیس سٹیشن جلا دیے گئے ہیں اور سینکڑوں قیدیوں کو رہا کروا لیا گیا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشناطلاعات کے مطابق موصل میں متعدد پولیس سٹیشن جلا دیے گئے ہیں اور سینکڑوں قیدیوں کو رہا کروا لیا گیا

وزیرِ اعظم نوری المالکی نے شدت پسندوں کے خلاف لڑنے اور فرار ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

موصل پر شدت پسندوں کے قبضے کے بعد عراقی وزیرِ اعظم نے پارلیمان سے وہاں ایمرجنسی نافذ کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ انھیں مزید اختیارات مل سکیں۔

نوری المالکی نے ٹیلی ویژن پر کہا کہ سکیورٹی فورسز کو چوکنا کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے پارلیمان سے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا کہا ہے جس سے انھیں مزید اختیارات مل جائیں گے اور وہ کرفیو نافذ کر سکیں گے۔

ادھر امریکہ نے کہا ہے کہ موصل سے آنے والے اطلاعات سے ثابت ہو رہا ہے کہ دولتِ اسلامیہ پورے خطے کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کی ترجمان جین پساکی کا کہنا ہے کہ موصل کی صورتِ حال ’بہت زیادہ سنگین‘ ہے اور امریکہ چاہتا ہے کہ موصل سے شدت پسندوں کے خلاف مضبوط اور مربوط کارروائی کی جائے۔

دریں اثنا اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے موصل کی صورتِ حال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عراقی حکومت سے کہا ہے کہ وہ خطے میں سلامتی کے لیے علاقائی حکومت سے تعاون کرے۔

موصل میں موجود شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری عمارتوں سے ’جہادی جھنڈے‘ لہرائے جا رہے ہیں اور شدت پسندوں نے لاؤڈ سپیکروں کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ وہ ’موصل کو آزاد‘ کروانے آئے ہیں۔

موصل میں موجود ایک سرکاری ملازم امِ کرم نے بتایا کہ ’شہر کی صورتِ حال بہت زیادہ خراب ہے اور کوئی ہماری مدد نہیں کر رہا۔ ہم خوف کا شکار ہیں۔‘

اطلاعات کے مطابق موصل میں متعدد پولیس سٹیشن جلا دیے گئے ہیں اور سینکڑوں قیدیوں کو رہا کروا لیا گیا۔

موصل سے بھاگنے والے ایک مقامی شخص محمد نوری نے خبر رساں ادارے اے ایف کو بتایا کہ آرمی فورسز نے اپنے ہتھیار پھینک کر کپڑے تبدیل کیے اور شہر چھوڑ دیا۔

ادھر موصل میں قائم ترک سفارت خانے نے صوبہ نینوا سے 28 ترک ڈرائیوروں کو اغوا کرنے کی تصدیق کی ہے۔

موصل میں قائم ترک سفارت خانے نے صوبہ نینوا سے 28 ترک ڈرائیوروں کو اغوا کرنے کی تصدیق کی ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنموصل میں قائم ترک سفارت خانے نے صوبہ نینوا سے 28 ترک ڈرائیوروں کو اغوا کرنے کی تصدیق کی ہے

ذرائع نے بی بی سی عربی سروس کو بتایا کہ موصل سے بھاگنے والے ہزاروں افراد کردستان میں موجود تین قصبوں کا رخ کر رہے ہیں جہاں حکام نے ان کے لیے عارضی کیمپ لگائے ہیں۔

ادھر کردستان کے وزیرِ اعظم نے ایک بیان میں اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزیناں سے مدد کی اپیل کی ہے۔

اس سے پہلے موصول میں شدت پسندوں نے پیر اور منگل کی درمیانی رات راکٹ لانچروں، سنائپر رائفلوں اور مشین گنوں کی مدد سے صوبائی سرکاری دفاتر پر قبضہ کر لیا تھا۔

شدت پسندوں نے کئی پولیس سٹیشن تباہ کیے اور بعد میں ہوائی اڈے اور فوجی ہیڈ کوارٹر پر بھی قبضہ کر لیا۔

بیروت میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق صوبہ نینوا پر دولتِ اسلامیہ کا کئی ماہ سے غیر رسمی کنٹرول تھا جس میں یہ تنظیم مقامی اہلکاروں سے بھتہ وصول کیا کرتی تھی۔

پانچ روز کی لڑائی کے بعد دولتِ اسلامیہ نے نینوا کے دارالحکومت موصل پر کنٹرول حاصل کر لیا۔

پیر کو موصل کے گورنر عقیل النجفی نے ٹی وی پر عوام سے اپیل کی کہ وہ دولتِ اسلامیہ کا مقابلہ کریں۔

انھوں نے کہا ’میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کو ان اجنبیوں سے بچائیں اور کمیٹیاں قائم کریں جو علاقوں کی حفاظت کریں۔‘

تاہم اس اپیل کے کچھ دیر بعد ہی گورنر موصل سے فرار ہو گئے اور دولتِ اسلامیہ نے صوبائی سرکاری دفاتر پر قبضہ کر لیا۔