’سعودی عرب اور قطر عراق کو غیر مستحکم کر رہے ہیں‘

نوری المالکی نے سعودی حکومت پر عالمی دہشتگردی کی حمایت کرنا کا بھی الزام لگایا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشننوری المالکی نے سعودی حکومت پر عالمی دہشتگردی کی حمایت کرنا کا بھی الزام لگایا ہے

عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے سعودی عرب اور قطر پر الزام لگایا ہے کہ دونوں ممالک عراق میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک عراق میں باغی گروپوں کی حمایت کرتے ہیں اور اُن کی مالی امداد کرتے ہیں۔

فرانسیسی ٹی وی چینل فرانس 24 سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حقیقت میں دونوں ممالک نے عراق کے خلاف اعلانِ جنگ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’وہ عراق پر شام کے راستے اور براہِ راست، دونوں ھرح حملے کر رہے ہیں۔

نوری المالکی نے سعودی حکومت پر عالمی دہشتگردی کی حمایت کرنا کا بھی الزام لگایا ہے۔

گذشتہ چند ماہ کے دوران عراق میں تشدد کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔ ان حالات کی ایک اہم وجوہات میں ملک کی سنّی اقلیت میں پائی جانے والا عدم اطمینان اور ہمسایہ ملک شام میں خانہ جنگی بتائی جاتی ہیں۔

شیعہ اکثریت سے تعلق رکھنے والے نوری المالکی کا کہنا ہے کہ ان پر سنّی مسلک کے خلاف اقدامات کرنے کے الزامات ان فرقہ وارانہ گروہوں کی جانب سے آ رہے ہیں جن کے سعودی عرب اور قطر کے ساتھ تعلقات ہیں۔

ماضی میں وزیراعظم المالکی نے نام نہ لیتے ہوئے علاقائی ممالک کو عراق میں عدم استحکام کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق عراق کے لیے 2007 کے بعد سے سب سے زیادہ ہلاکتوں والا برس گذشتہ سال تھا۔

اقوام متحدہ کے مطابق 2013 میں عراق میں پر تشدد واقعات میں 8868 افراد ہلاک ہوئے۔