ایران: نقلی امریکی بحری جہازوں کی تباہی

،تصویر کا ذریعہ
ایرانی بحریہ کے ایک اعلیٰ افسر نے کہا ہے کہ ایران برسوں سے امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں اور تیز رفتار جنگی جہازوں کی نقلیں تیار کر کے انھیں تباہ کرنے کی مشقیں کرتا رہا ہے۔
ایڈمرل علی فداوی نے ایران کے خبر رساں ادارے فارس سے بات کرتے ہوئے کہا: ’ہم امریکی نقلی جہازوں کو تباہ کرنے کی مشقیں کرتے ہیں کیونکہ امریکی جہازوں کو تباہ کرنا ہمارے ایجنڈے میں تھا اور اب بھی ہے۔‘
ایڈمرل علی فداوی ایران کی اس بحری فورس کے سربراہ ہیں جو خلیجِ فارس اور آبنائے ہرمز میں گشت کرتی ہے۔ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس تیل بردار جہازوں کی بڑی گزر گاہ ہے۔
ایرانی ایڈمرل کا کہنا ہے کہ امریکی بحری قدرتی طور پر ان کے نشانے پر ہیں کیونکہ امریکہ بیرونِ ممالک ہوائی حملوں کے لیے اپنے طیارہ بردار جہازوں کا استعمال کرتا ہے۔
ایرانی ایڈمرل کا کہنا ہے کہ ان کی افواج کو اب امریکی جہازوں کے ڈیزائن، ڈھانچے اور تعمیر کے بارے میں اچھی معلومات حاصل ہیں اور ایرانی افواج اپنی مشقوں میں نقلی جہازوں کو 50 سیکنڈوں میں ڈبو دیتی ہیں۔
گذشتہ ماہ امریکی ٹی وی چینل سی این این نےایسی سیٹلائٹ تصاویر چھاپی تھیں جن سے ظاہر ہوتا تھا کہ ایران دنیا کے سب سے بڑے جنگی جہاز نیمٹز کلاس (سی وی این 68) کی نقل تیار کر رہا ہے۔
اس وقت ایران کی منصوبے کے بارے میں دنیا کو علم نہیں تھا کہ وہ یہ نقل کیوں تیار کر رہا ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس نقلی جہاز کو ایک فلم کے سیٹ پر استعمال کرنا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکہ کے اہلکاروں نے کہا تھا کہ انھیں یقین نہیں آتا کہ ایران کے پاس اتنا بڑا اور جدید جہاز تعمیر کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔







