شمالی کوریا نے فوجی مشقیں شروع کر دیں

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے گذشتہ ماہ اسی قسم کی فوجی مشق کا دوربین سے مشاہدہ کیا

،تصویر کا ذریعہAFP KCNA

،تصویر کا کیپشنشمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے گذشتہ ماہ اسی قسم کی فوجی مشق کا دوربین سے مشاہدہ کیا

جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے دونوں ممالک کے درمیان متنازع بحری سرحد پرگولہ باری کی مشق شروع کر دی ہے۔

ایک ماہ کے اندر ایسا دوسری مرتبہ ہو رہا ہے جب شمالی کوریا اس قسم کی فوجی مشق کررہا ہے۔

جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ انھیں یہ اطلاع دی گئی تھی کہ شمالی کوریا منگل کو اپنی متنازع بحری سرحد کے قریب گولہ باری کی فوجی مشق کرے گا۔

جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع نے کہا کہ یہ مشق کوریائی خطے کے مغرب میں واقع جزائ‏‏ر کے دو جھرمٹوں میں کی جا رہی ہے۔

جنوبی کوریا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ان کی ’فوج بھی پوری طرح سے تیار ہے۔‘

واضح رہے کہ مارچ کے اختتام پر اسی قسم کی ایک فوجی مشق کے نتیجے میں دونوں ممالک شمالی اور جنوبی کوریا کی فوجوں کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا تھا۔

حال ہی میں شمالی کوریا نے درمیانی رینج کے دو بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ بھی کیا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنحال ہی میں شمالی کوریا نے درمیانی رینج کے دو بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ بھی کیا ہے

جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے بتایا تھا کہ شمالی کوریا نے اس مشق میں تقریباً 500 گولے فائر کیے جن میں سے ایک سو جنوبی کوریا کی حدود میں گرے۔ انھوں نے بتایا تھا کہ جنوبی کوریا نے جواب میں 300 گولے داغے۔

شمالی کوریا کی جانب سے یہ تازہ وارننگ ایسے وقت میں آئی ہے جب سیٹیلائٹ سے ملنے والی تصاویر سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ شمالی کوریا چوتھے جوہری بم کا تجربہ کرنے والا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر براک اوباما نے گذشتہ ہفتے جنوبی کوریا کا دورہ کیا تھا اور شمالی کوریا نے اس دورے کی سخت مخالفت کی تھی۔

واشنگٹن نے پیانگ یانگ سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کو ترک کردے۔

اس ہفتے کے اوائل میں جنوبی کوریا کی فوج نے کہا تھا کہ اس نے شمالی کوریا کے جوہری تجربے کے مقام پر بہت سرگرمیاں نوٹ کی ہیں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ یا تو وہ جوہری تجربہ کر رہا ہے یا تجربہ کرنے کا بہانہ بنا رہا ہے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں شمالی کوریا نے درمیانی رینج کے دو بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ بھی کیا ہے۔