نیو یارک: عمارتیں دھماکے سے تباہ، 2 ہلاک

یہ عمارت ایسٹ ہارلیم کے علاقے پارک ایوینیو کے 116 نمبر گلی میں ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنیہ عمارت ایسٹ ہارلیم کے علاقے پارک ایوینیو کے 116 نمبر گلی میں ہے

امریکی شہر نیو یارک میں حکام کے مطابق دو رہائشی عمارتیں گیس لیک ہونے کے سبب دھماکے سے تباہ ہو گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ 18 زخمی ہو گئے ہیں۔

نیو یارک کے علاقے ایسٹ ہارلیم میں واقع اس عمارت سے دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں جو پانچ منزلہ رہائشی اپارٹمنٹس پر مشتمل ہے۔

یہ عمات پارک ایوینو کے 116 نمبر گلی میں ہے جو گرینڈ سینٹرل ٹرین ٹرمینل کی جانب جانے والی پٹڑی کے قریب ہے۔ عمارت گرنے سے تمام ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔

نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے جائے حادثہ پر ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دھماکے سے 15 منٹ قبل گیس فراہم کرنے والی کمپنی کو گیس لیک کرنے کی اطلاع دی گئی تھی۔

ڈی بلاسیو کے مطابق دھماکے کے نتجے میں 2 عمارتیں تباہ جبکہ کئی اور کے ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔

نیو یارک کے آگ بجھانے کے عملے نے خطرے کو انتہائی سطح پر کر دیا ہے اور اس نے اعلان کیا ہے کہ اس نےتین درجن کے قریب فائر سٹیشنز کے 250 کارکن عمارت کے گرنے کے نتیجے میں لگنے والی آگ بجھانے کے لیے بھیجوائے ہیں۔

ایک مقامی شخص نے میڈیا کو بتایا کہ اس عمارت کے قریب سے گیس کی بو عرصے سے آ رہی تھی

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنایک مقامی شخص نے میڈیا کو بتایا کہ اس عمارت کے قریب سے گیس کی بو عرصے سے آ رہی تھی

اس علاقے کو دھماکے کے بعد گیس کی فراہمی منقطع کر دی گئی ہے جس کے نتیجے میں علاقے میں کئی عمارتوں کی کھڑکیوں کو نقصان پہنچا۔

نیویارک پولیس کے ایک ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’یہ ایک دھماکہ تھا اور ایک عمارت زمیں بوس ہوئی ہے۔‘

عمارت میں لگی آگ بجھانے کے لیے 168 آگ بجھانے کے عملے کے افراد مصروف ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنعمارت میں لگی آگ بجھانے کے لیے 168 آگ بجھانے کے عملے کے افراد مصروف ہیں

ایک عینی شاہد نے نیو یارک ڈیلی اخبار کو بتایا ہے کہ اس نے کئی ہفتوں سےگیس کی بو محسوس کی تھی۔

ایک اور رہائشی ایشلی ریویارا نے بتایا کہ انہوں نے ’لوگوں کو کھڑکیوں سے باہر گرتے دیکھا‘ جبکہ ایک اور عینی شاہد نے اخبار کو بتایا کہ انہوں نے دو دھماکوں کی آواز سنی جس نے ان کی دکان کو ہلا کر رکھ دیا۔

ایک شخص کو مقامی ہسپتال میں شدید صدمے کی حالت میں داخل کیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنایک شخص کو مقامی ہسپتال میں شدید صدمے کی حالت میں داخل کیا گیا ہے

مچ ابریو نے بتایا کہ ’یہ ایک زوردار دھماکہ تھا جیسا کہ بوم، بوم جس نے پورے بلاک کو ہلا کر رکھ دیا۔ جس سے ایک کھڑکی اڑ کر گری۔ ایسا لگا جیسا کہ (ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے) جڑواں ٹاور والا واقع ایک بار پھر ہوا۔ لوگ گرد و غبار میں اٹے ہوئے تھے۔‘