امریکہ سے روس جانے والی پروازوں پر مائع مواد ممنوع

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکی حکومت نے روس جانے والی تمام پروازوں پر جہاز میں مسافروں کے ’کیری آن‘ سامان میں مائع مواد کو ممنوع قرار دیا ہے۔
امریکہ کی داخلی سلامتی کے محکمے کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت کیا گیا ہے جب روس میں بحیرۂ اسود کے تفریحی مقام سوچی میں سرمائی اولمپکس منعقد ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل امریکہ نے روس کے لیے براہِ راست پروازیں چلانے والی فضائی کمپنیوں کو ٹوتھ پیسٹ کی ٹیوب میں دھماکہ خیز مواد چھپا کر طیارے پر لے جانے کے امکانات کے بارے میں خبردار کیا تھا۔
ادھر روس نے گذشتہ ماہ اپنی اندرونی پروازوں میں ہر قسم کے مائع مواد اور ٹوتھ پیسٹ یا جیل لے جانے پر پابندی لگائی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد دورانِ پرواز دھماکہ خیز مواد تیار کر کے بم بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
سوچی میں موسمِ سرما کے اولمپکس کھیلوں کا باقاعدہ آغاز جمعے سے ہونا ہے لیکن کچھ کھیلوں کے ابتدائی مقابلے شروع ہو چکے ہیں۔
جمعرات کو امریکی صدر براک اوباما نے کہا کہ ان کھیلوں پر ممکنہ دہشت گردی کے واقعات کو دنیا بھر میں روکنے میں روسی مفاد شامل ہے۔
انہوں نے ٹی وی چینل این بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکنہ کوشش کر رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty
نامعلوم امریکی حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس بات کا خطرہ موجود ہے کہ دھماکہ خیز مواد سمگل کرنے کے لیے ٹوتھ پیسٹ کی ٹیوبیں استعمال کی جا سکتی ہیں جس سے طیارے میں یا پھر اولمپکس کے مقام پر پہنچ کر بم تیار کیا جا سکتا ہے۔
داخلی سلامتی کے امریکی محکمے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’وہ تنبیہی نقطۂ نظر سے باقاعدگی سے داخلی اور خارجی ساتھیوں سے متعلقہ معلومات کا تبادلہ کرتے ہیں۔‘
گذشتہ ماہ ولگوگراد میں دو خودکش حملوں اور قفقاز سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں کی جانب سے مسلسل دھمکیوں کے بعد سوچی میں سرمائی اولمپکس کی سکیورٹی کے بارے میں خدشات میں اضافہ ہوا تھا۔
امریکہ نے اپنے دو جنگی بحری جہازوں کو بحیرۂ اسود میں تیار حالت میں رکھا ہوا ہے تاکہ کسی ہنگامی حالت میں ان سے مدد لی جا سکے۔
تاہم ان کھیلوں کے حوالے سے سکیورٹی ہی واحد مسئلہ نہیں رہی ہے۔ گذشتہ سال روس منظور کیے جانے والے ہم جنس پرستی مخالف قوانین بھی بین الاقوامی تنقید کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے سوچی میں بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے ایک اجلاس میں اپنے افتتاحی خطاب میں بھی اس کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’کھیل میں وہ منفرد صلاحیت ہے کہ وہ لوگوں کو متحد کر دے۔‘ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہم جنس پرستوں کے خلاف ہونے والے حملوں کے خلاف اپنی آواز اٹھانی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہم جنس پرستوں کی گرفتاری اور ان کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک کی مخالفت کرنی چاہیے۔







