ویٹیکن میں پوپ کی فاختاؤں پر کوّے کا حملہ

دنیا بھر میں فاختہ کو امن کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشندنیا بھر میں فاختہ کو امن کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے

ویٹیکن سٹی میں پوپ فرانسس کے ہمراہ موجود بچوں کی جانب سے آزاد کی جانے فاختاؤں پر دوسرے پرندوں نے حملہ کر دیا۔

ایک بگلے اور ایک کوّے نے فاختاؤں کو اس وقت نشانہ بنایا جب انھیں پوپ کے محل کی بالکونی سے ہفتہ وار دعائیہ تقریب کے دوران اڑایا گیا۔

اس موقع پر موجود ہزاروں افراد نے ایک فاختہ کو کوّے کے ٹھونگوں سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جبکہ دوسری فاختہ بچ نکلنے میں کامیاب رہی۔

دنیا بھر میں فاختہ کو امن کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے تاہم اس معصوم پرندے کو اکثر دوسرے پرندوں کے حملوں کا سامنا رہتا ہے۔

شادیوں کے موقع پر آزادی کیے جانے والے پرندوں کو سدھانے والی میرین لارنس کا کہنا ہے کہ ’عموماً فاختاؤں کو چڑیوں کا شکار کرنے والے باز نشانہ بناتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اس بارے میں زیادہ کچھ نہیں کیا جا سکتا۔ بڑے اطالوی شہروں جیسے علاقوں میں ایسے شکاری پرندے زیادہ تعداد میں ہوتے ہیں۔‘

خیال رہے کہ دنیا میں کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلوں یعنی اولمپکس کے آغاز پر بھی فاختائیں استعارے کے طور پر آزاد کی جاتی ہیں تاہم سنہ 1988 میں سیول اولمپکس کے موقعے پر بہت سی فاختائیں اولمپک مشعل کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہAP