آسٹریلیا کا آخری فوجی بھی افغانستان سے روانہ

2014 کے بعد افغانستان میں آسٹریلوی اہل کاروں کی تعداد 400 ہوگی: آسٹریلوی وزیرِ دفاع
،تصویر کا کیپشن2014 کے بعد افغانستان میں آسٹریلوی اہل کاروں کی تعداد 400 ہوگی: آسٹریلوی وزیرِ دفاع

حکام کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا نے افغانستان میں اپنا مرکزی فوجی اڈّا بند کر دیا ہے اور ان کا آخری دستہ ارزگان صوبے سے واپس آ گیا ہے۔

آسٹریلوی فوج 2005 سے ترین کوٹ فوجی اڈے پر موجود رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فوجیوں کا آخری دستہ اب وطن واپسی کے لیے پیر کو روانہ ہو گیا ہے۔ آسٹریلوی فوج 2001 سے افغانستان میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔

وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے اس موقعے پر آسٹریلوی فوجیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے اس کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے۔ ہمارے 40 افراد ہلاک اور 261 شدید زخمی ہوئے ہیں۔

تاہم انھوں نے کہا: ’ہماری قربانی رائیگاں نہیں گئی۔ ارزگان آج دس سال قبل کے مقابلے میں بہت مختلف اور بہتر جگہ ہے۔‘

ارزگان صوبے میں ایک سال سے سیکورٹی معاملات پر افغان اہلکار تعینات ہیں۔

آسٹریلیا کے وزیرِ دفاع سینیٹر ڈیوڈ جانس نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ 2014 کے بعد افغانستان میں آسٹریلوی اہل کاروں کی تعداد 400 ہوگی جن کا مقصد افغان اہل کاروں کے ساتھ مشاورت اور ان کی تربیت ہوگی۔

آسٹریلیا میں لیبر پارٹی کی گذشتہ حکومت نے کہا تھا کہ ترین کوٹ فوجی اڈا 2013 کے اختتام تک بند کر دیا جائے گا۔

افغانستان سے بیشتر غیر ملکی فوجی 2014 کے اختتام تک چلے جائیں گے۔