جمہوریہ وسطی افریقہ: دو دن میں 300 ہلاک

قیام امن کے لیے افریقن فورسز کی مدد کے لیے فرانسیسی فوج جمہوریہ وسطی افریقہ پہنچ رہی ہے
،تصویر کا کیپشنقیام امن کے لیے افریقن فورسز کی مدد کے لیے فرانسیسی فوج جمہوریہ وسطی افریقہ پہنچ رہی ہے

امدادی ادارے ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ افریقی ریاست جمہوریہ وسطی افریقہ کے دارالحکومت میں دو دن کے تشدد میں تین سو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ اس کے عملے نے رات ہونے کے بعد بنگوئی میں لاشیں جمع کرنے کام کام روک دیا ہے تاہم سنیچر کی صبح کارروائی دوبارہ شروع کر دی جائےگی۔

<link type="page"><caption> فرقہ وارانہ کشیدگی سے دنیا کو سب سے زیادہ خطرہ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2013/11/131111_iran_sectarian_threat_world_zz.shtmlhttp://www.bbc.co.uk/urdu/world/2013/11/131111_iran_sectarian_threat_world_zz.shtml" platform="highweb"/></link>

ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

جمہوریہ میں تشدد میں اضافہ اس وقت ہوا جب فرقہ وارانہ فسادات کے باعث بڑے پیمانے پر قتلِ عام کے خدشات سامنے آئے۔

اقوامِ متحدہ کی جانب سے علاقے میں امن بحال کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں فرانس کے سینکڑوں فوجی اہلکار وہاں پہنچ رہے ہیں۔

فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے جمعے کو کہا تھا کہ ساڑھے چھے سو فوجی فوری طور پر علاقے میں روانہ کیے گئے ہیں اور ’یہ تعداد چند دنوں میں دگنی کر دی جائے گی۔‘

دارالحکومت پر جمعرات کو حملہ کیا گیا
،تصویر کا کیپشندارالحکومت پر جمعرات کو حملہ کیا گیا

جمہوریہ وسطی افریقہ میں فوجیں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس حق میں ووٹ دیے جانے کے بعد روانہ کی گئی ہیں تاکہ یہ امن قائم کرنے کے لیے افریقن امن فوج کی مدد کرسکیں۔

بنگوئی پر جمعرات کو حملہ کیا گیا تھا، اطلاعات کے مطابق حملہ آور ملیشیا معزول صدر فرانکوئس بوزیز کے حامی ہیں۔ مارچ میں صدر کے باغیوں کے ہاتھوں معزول کیے جانے کے بعد سے ملک کشیدگی کا شکار ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار اینڈریو ہارڈنگ کا کہنا ہے کہ انہوںنے بنگوئی کے ہسپتال میں بہت سے لوگوں کو زخمی حالت میں دیکھا ہے۔

جمہوریہ وسطی افریقہ میں ریڈ کراس کے سربراہ پاسٹر اینٹونی مباؤ بوگو کا کہنا ہے کہ جمعے کو راست ہونے سے قبل تک ان کے عملے نے 821 لاشیں اکٹھی کی تھیں۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ جب سنیچر کو ان کا عملہ کام دوبارہ شروع کرے گا تو ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔

انہوں نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ’کل کا دن انتہائی خوفناک ہوگا۔ ہم کل کام کریں گے میرا خیال ہے کہ ہمیں اس کام کے لیے چوتھا دن بھی چاہییے۔‘