نائجیریا: چرچ میں بھگدڑ سے سترہ افراد ہلاک

شمالی نائجیریا میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک مذہبی تقریب کے دوران بھگدڑ کے واقعے میں کم از کم 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
یہ واقعہ شمالی نائجیریا کی انمبرا ریاست میں ہولی گوسٹ اڈوریشن گراؤنڈ میں پیش آیا جہاں حکام کے مطابق ایک لاکھ سے زیادہ افراد مذہبی تقریب میں شامل تھے۔
مقامی میڈیا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
انمبرا کے گورنر پیٹر اوبی بھی اس تقریب میں شامل تھے اور اس حادثے کے بعد وہ زخمیوں سے ملنے ہسپتال گئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کو مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے پیش آيا۔
انمبرا نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا سے تین سو کلو میٹر کے فاصلے پر جنوب میں واقع ہے۔
بھگدڑ کی فوری وجہ تو معلوم نہیں ہو سکی تاہم مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس گراؤنڈ میں اس کی استعداد سے زیادہ لوگ تھے۔
حکومت کے ایک ترجمان مائک اوداہ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ’ہم نے اینکپور ہسپتال کا دورہ کیا جہاں حادثے کے مقام سے 17 لاشیں لائی گئیں تھیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







