اب میکڈونلڈ میں ہیئنز کیچ اپ نہیں ملےگی

امریکی فاسٹ فوڈ کمپنی میکڈونلڈ نے کہا ہے کہ اب وہ اپنی دوکانوں میں ہیئنز کیچ اپ فراہم نہیں کرے گی۔
واضح رہے کہ دنیا میں فاسٹ فوڈ کی سب سے بڑے چین میکڈونلڈ میں ہیئنز کیچ اپ گزشتہ 40 سال سے متواتر فراہم کی جا رہی تھی۔
میکڈونلڈ نے ہیئنز سے رشتہ توڑنے کا فیصلہ اس وقت کیا ہے جب اس کی حریف کمپنی برگر کنگ کے سربراہ برنانڈو ہیز نے ہیئنز کے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھالا ہے۔
میکڈونلڈ نے کہا ہے کہ ’ہم نے فیصلہ لیا ہے کہ اس عبوری مدت کے دوران ہم اپنے یہاں کسی دوسرے کیچ اپ فراہم کرنے والے کو موقع دیں گے۔‘
تاہم کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’ہم ہیئنز کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ سہولت کے ساتھ یہ تبدیلی عمل میں لائی جا سکے۔‘
واضح رہے کہ دنیا بھر میں میکڈونلڈز کے 34 ہزار ریستوراں ہیں۔
ہیئنز کمپنی کو رواں برس فروری میں وارن بوفے کے برک شائر ہیتھ وے اور برازیلی سرمایہ کار فنڈ 3 جی کیپیٹل نے 28 ارب ڈالر میں خریدا تھا۔
برگر کنگ فوڈ چین پر بھی 3 جی کیپیٹل کا کنٹرول ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
میکڈونلڈ عالمی سطح پر پھیلے اپنے ریستورانوں میں ہیئنز کیچ اپ فراہم کرتا ہے جبکہ امریکہ میں صرف پٹسبرگ اور مینیاپولیس میں اسے پیش کیا جاتا ہے۔
جب ہیئنز سے اس فیصلے پر ردعمل جاننے کی کوشش کی گئی تو کمپنی نے کہا ’ہیئنز اپنی پالیسی کے تحت گاہکوں سے اپنے تعلقات پر تبصرہ نہیں کرتی۔‘







