نائجیریا:مسجد پر حملہ، 44 افراد ہلاک

افریقی ملک نائجیریا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملک کے شمال مشرقی علاقے میں ایک مسجد پر حملہ کر کے چوالیس افراد کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ ہلاکتیں اتوار کو صبح کی نماز کے وقت ہوئیں تاہم ان کی خبر پیر کو ہی سامنے آئی ہے۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ ریاست بورنو میں کونگڈوگا کے علاقے میں پیش آیا جو ریاستی دارالحکومت میدوگوری سے پینتیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ ان ہلاکتوں کا ذمہ دار کون ہے۔
نائجیریا کے ایک مقامی اخبار کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے 26 افراد کو علاج کے لیے میدوگوری منتقل کیا گیا ہے۔
مقامی شہریوں کے ایک گروپ نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ اس کے چار ارکان بھی ہلاک شدگان میں شامل ہیں اور انہیں اس وقت ہلاک کیا گیا جب انہوں نے متاثرین کی مدد کی کوشش کی۔
خیال رہے کہ نائجیریا کی حکومت نے مئی میں ملک کی تین شمال مشرقی ریاستوں میں اسلامی شدت پسندوں سے لڑائی کے لیے ہنگامی حالت نافذ کر دی تھی۔
نائجیریا کے شمالی علاقے میں 2009 کے بعد سے اسلام پسند گروپ بوکوحرام پر ہزاروں افراد کی ہلاکت میں ملوث ہونے کا الزام لگایا جاتا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بوکوحرام نائجیریا کی حکومت کا تختہ الٹ کر شمالی علاقوں میں اسلامی ریاست کے قیام کا خواہاں ہے۔







