کینیڈا میں سانپ نے دو بچوں کو مار ڈالا

پولیس کا کہنا ہے کہ سانپ اپنے پنجرے سے باہر نکل کر ہواداری کے ذریعے اوپر فلیٹ میں چلا گیا
،تصویر کا کیپشنپولیس کا کہنا ہے کہ سانپ اپنے پنجرے سے باہر نکل کر ہواداری کے ذریعے اوپر فلیٹ میں چلا گیا

کینیڈا کے صوبے نیو برنسوک میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک نایاب سانپ نے پالتو جانوروں کی ایک دکان سے نکل کر دو بچوں کو مار دیا ہے۔

پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کیمپبلٹن کے علاقے میں بظاہر سانپ نے پانچ اور سات سالہ دو لڑکوں کا گلا گھونٹ کر ہلاک کیا ہے۔

یہ دونوں لڑکے اس پالتو جانوروں کی دکان کے اوپر واقع فلیٹ میں اپنے دوست کے ہاں رات گزارنے گئے ہوئے تھے۔

کہا جا رہا ہے کہ یہ دونوں لڑکے بھائی تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سانپ اپنے پنجرے سے باہر نکل کر ہواداری کے پائپ کے ذریعے اوپر فلیٹ میں چلا گیا۔ پولیس نے اس سانپ کو پکڑ لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان بچوں کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ ابھی تک کسی بھی فرد کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔

کیمپبلٹن کے میئر نے اس واقعے کو سانحہ قرار دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نایاب سانپوں کی جانب سے اس قسم کے حملوں کی بہت کم مثالیں ملتی ہیں۔

مونٹریال کے چڑیا گھر کے ڈائریکٹر ڈیوڈ روگرگ نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ’اس حملے پر یقین نہیں آ رہا ۔۔۔ ایسا بہت ہی کم ہوتا ہے۔‘

فیس بک پر پالتو جانور کی دکان ریپٹائل اوشن نے لکھا ’ہم اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔‘

دکان کے مالک نے مزید لکھا ہے کہ وہ دکان کو عارضی طور پر بند کر رہے ہیں کیونکہ صارفین نے بڑے ’غیر مہذبانہ بیانات ‘دیے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ نایاب سانپ بوا کنسٹرکٹر ہے، لیکن حکام کا کہنا ہے کہ یہ افریقی راک پائتھن ہے۔

پالتو جانوروں کی دکان نے مقامی ٹی وی چینل سی ٹی وی کو بتایا کہ یہ سانپ ان کے پاس 2001 سے تھا۔