سنوڈن کی برطانیہ داخلے پر پابندی

ایک رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت نے ہوائی کمپینوں کو خبردار کیا ہے کہ امریکی حکومت کے نگرانی سے متعلق خفیہ راز افشا کرنے والے سی آئی اے کے اس سابق ملازم کو برطانیہ نہ آنے دیا جائے۔
امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کہا ہے کہ اس نے تھائی لینڈ کے ایک ہوائی اڈے پر ایک دستاویز دیکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 29 سالہ ایڈورڈ سنوڈن کو برطانیہ نہ آنے دیا جائے۔
برطانیہ کے ہوم آفس کے لیٹر ہیڈ پر لکھے گئے اس خط کے مطابق اس بات کا قوی امکان ہے کہ سنوڈن کو برطانیہ میں داخلے کے اجازت نہیں دی جائے گی۔
ہوم آفس نے اس خبر پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
اے پی کے مطابق یہ تنبیہ ہوم آفس کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے دفتر نے پیر کے روز جاری کی تھی۔
خط میں سنوڈن کی تصویر ہے اور اس کی تاریخ پیدائش اور پاسپورٹ کا نمبر بھی دیا گیا ہے۔
اس میں کہا گیا ہے: ’اگر یہ شخص برطانیہ سفر کرنے کی کوشش کرے تو ہوائی کمپنیاں اسے جہاز پر سوار نہ ہونے دیں۔‘
خط میں ہوائی کمپنیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر سنوڈن کو برطانیہ کا سفر کرنے دیا گیا تو ان کی گرفتاری اور بے دخلی کا خرچ ہوائی کمپنیوں کو برداشت کرنا پڑے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اے پی نے کہا ہے بنکاک ایئر ویز، سنگاپور ایئر لائنز اور ملیشیا ایئرلائنز نے تصدیق کی ہے کہ انھیں بھی یہ نوٹس ملا ہے۔
سنوڈن نے گارڈین اخبار کو بتایا تھا کہ امریکی خفیہ ادارہ این ایس اے امریکی انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کمپنیوں سے لوگوں کا ڈیٹا حاصل کرتا ہے۔
اب تک سنوڈن کی گرفتاری کے لیے کوئی وارنٹ جاری نہیں کیا گیا لیکن بعض امریکی سیاست دانوں نے ان پر غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔







