
افغانستان میں حکام کے مطابق ملک کے مشرقی صوبے کپیسا میں ایک کار بم حملے میں کم سے کم پانچ شہری ہلاک ہو گئے۔
غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق حملے کا اصل ہدف افغانستان میں موجود نیٹو افواج تھیں۔
افغانستان میں نیٹو کے ترجمان نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں ان کا کوئی فوجی ہلاک نہیں ہوا۔
دوسری جانب افغان حکام کا کہنا ہے کہ بم اس وقت پھٹا جب گاڑی کو گھر سے ٹکرایا گیا جس کے نتیجے میں گھر میں موجود ایک خاندان کے کچھ ارکان سمیت ایک راہگیر ہلاک ہو گیا۔
دریں اثناء طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
واضح رہےکہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں حالیہ دنوں میں متعدد اہم شخصیات پر حملے کیے گئے ہیں۔
افغانستان میں گزشتہ برس کے دوران افغان فوج کے اہلکاروں کی جانب سے نیٹو اور اتحادی فوجیوں پر حملوں کے واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔






























