
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے نواح میں واقع ایک کچی آبادی میں آگ لگنے سے کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
آگ صبح سویرے لگی اور گنجان آباد علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ آتشزدگی سے پانچ سو سے زائد گھر جل گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں پانچ عورتیں اور چار بچے شامل ہیں جبکہ کئی دوسرے لوگ شدید زخمی ہیں۔
آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم کی جا رہی ہے تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق سگریٹ یا مچھر بھگانے کی کوائل اس آگ کا باعث بنی ہے۔
ڈھاکہ میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق ٹین، بانس اور پلاسٹک کی شیٹس سے بنے ہوئے گھروں کو آگ نے بہت تیزی سے اپنی لپیٹ میں لیا۔
اس کچی آبادی میں کم آمدنی والے افراد رہائش پذیر تھے جن میں رکشہ ڈرائیور اور مزدور شامل ہیں۔ اب ان میں زیادہ تر بے گھر ہو چکے ہیں۔






























