
ٹائیگر ڈسکو نامی کلب مقامی لوگوں اور غیر ملکی سیاحوں دونوں میں مقبول ہے
دنیا بھر میں سیاحت کے لیے معروف تھائی لینڈ کے شہر فوکیٹ کے ایک نائٹ کلب میں آگ لگنے سے چار افراد ہلاک اور تقریباً ایک درجن زخمی ہوگئے ہیں۔
پٹونگ ساحل کے علاقے میں واقع ’ٹائیگر ڈسکو‘ نامی کلب میں جمعے کی صبح آگ لگی جس کی ممنکہ وجوہات میں سے ایک ٹرانفارمر پر آسمانی بجلی گرنا بتائی جا رہی ہے۔
حکام نے ہلاک ہونے والوں کی شہریت کا اعلان نہیں کیا ہے تاہم بتایا جا رہا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں غیر ملکی افراد شامل ہیں۔
تھائی لینڈ میں نائٹ کلبوں میں کیے جانے والے حفاظتی اقدامات سنہ دو ہزار نو میں ایک کلب میں آگ لگنے کے بعد شدید تنقید کا نشانہ بنے ہیں۔
دارالحکومت بینکاک میں پیش آنے والے اس واقعے میں نئے سال کے جشن میں منقعدہ ایک تقریب میں ستاسٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ گزشتہ سال اس نائٹ کلب کے مالک سمیت دو افراد کو قید کی سزا سنائی گئی تھی۔






























