
تائیوان کے ہسپتال میں آگ لگنے کی تحقیقات جاری ہیں
جنوبی تائیوان کے ایک ہسپتال میں منگل کی صبح آگ لگنے سے بارہ افراد ہلاک اور کم از کم ساٹھ افراد زخمی ہو گئے۔
یہ آگ تائینان شہر کے ایک ہسپتال کے نرسنگ ہوم میں لگی جس میں زیادہ تر بوڑھے مریض داخل ہیں۔
ہسپتال کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مریضوں کی موت دھویں کے سبب دم گھٹنے سے ہوئی۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ دوسری منزل پر آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی اور تحقیقات جاری ہیں۔
ہسپتال کے اہلکار کے مطابق زخمی افراد کا قریبی ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔
آگ لگنے کے وقت اس نرسنگ ہوم میں سو سے زیادہ مریض موجود تھے اور ان میں سے متعدد کو سانس لینے والی مشین پر رکھا گیا تھا اور وہ خود سے باہر نہیں نکل سکتے تھے۔
تپئی میں بی بی سی کی نامہ نگار سنڈی سوئی کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے دس منٹ بعد آگ بجھانے والا دستہ جائے حادثہ پر پہنچا۔
نامہ نگار کے مطابق ہسپتال میں مریضوں کی تعداد زیادہ تھی اس لیے مقامی افراد نے فوری امداد فراہم کی اور انھیں دوسرے ہسپتال منتقل کیا۔
نامہ نگار کا کہنا ہے کہ تائیوان کے کسی ہسپتال میں لگنی والی یہ خوفناک ترین آگ تھی اور حالیہ دنوں میں اس جزیرے پر لگنے والی بڑی آگ تھی۔






























