
احمد جباری کی ہلاکت کے بعد غزہ میں فائرنگ ہو رہی ہے
فلسطینی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملے میں اس کے عسکری ونگ کے سربراہ ہلاک ہو گئے ہیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ فضائی کارروائی میں حماس کے رہنما احمد جباری کو نشانہ بنایا گیا تھا کیونکہ وہ ایک دہائی سے دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
احمد جباری چار سال پہلے اسرائیل کے غزہ پر زمینی حملے کے بعد اسرائیل کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے سب سے سینیئر رہنما ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ احمد جباری اپنی گاڑی میں غزہ شہر میں سفر کر رہے تھے کہ اس دوران دھماکے سے ان کی گاڑی پھٹ گئی۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی کارروائی میں احمد جباری کے نائب بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔
اسرائیل کی انٹیلیجنس ایجنسی شاباک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ’ جباری اسرائیل کے خلاف حملوں، ملڑی آپریشنز اور مالی وسائل مہیا کرنے کے ذمہ دار تھے۔‘
بیان کے مطابق’ آج ان کی ہلاکت غزہ میں حماس کے اہلکاروں کے لیے ایک پیغام ہے کہ اگر وہ اسرائیل کے خلاف دہشت گردی کو فروغ دیتے رہے تو انہیں نقصان پہنچے گا۔‘
غزہ میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق گلیوں میں فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں، شہر میں بہت زیادہ غم و غصہ پایا جاتا ہے اور خوف کی فضاء ہے کہ حملے کے بعد تشدد میں اضافہ ہو گا۔






























