
صدر براک اوباما سینڈی طوفان کے بعد صدارت کے عہدے کے لیے اپنی انتخابی مہم دوبارہ شروع کریں گے۔
امریکہ کے صدر براک اوباما تین روزہ تعطل کے بعد صدارتی انتخاب کے لیے اپنی مہم جمعرات سے دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔
انہوں نے امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں میں آنے والے سمندری طوفان سینڈی سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے اپنی مہم ملتوی کر دی تھی۔
رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار مِٹ رومنی نے اپنی مہم بدھ کو ہی دوبارہ فلوریڈا کی اہم ریاست سے شروع کر دی تھی۔
امریکہ میں صدر کے عہدے کے لیے چھ نومبر کو انتخاب ہو گا اور یہ انتخابی مہم کا آخری ہفتہ ہے۔
براک اوباماے طے شدہ منصوبے کے مطابق جمعرات کو نیواڈا، کولوراڈو اور وسکونسن میں انتخابی مہم کا دوبارہ آغاز کریں گے۔
اس سے پہلے بدھ کو انھوں نے رپبلکن گورنر کرس کرسٹی کے ساتھ نیو جرسی کے طوفان زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔
اٹلانٹک شہر میں ایک ایمرجنسی پناہ گاہ کے دورے کے موقع پر صدر براک اوباما نے کہا ’ آپ لوگ میری دعاؤں میں ہیں، ہمیں یہاں بہت کام کرنا ہے۔‘
عوامی جائزوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں امیدواروں، صدر براک اوباما اور مٹ رومنی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔
اخبار واشنگٹن پوسٹ اور اے بی سی کی سروے کے مطابق دس میں سے آٹھ لوگوں نے سینڈی طوفان سے پیدا ہونے والی ایمرجنسی صورت حال سے نمٹنے پر صدر براک اوبامہ کو’بہت خوب‘ یا ’اچھا‘ کہا ہے۔
نیوجرسی کے ریپبلکن گورنر نے بھی ڈیموکریٹ صدر کی قائدانہ صلاحیتوں کی بہت تعریف کی ہے۔
اس موقع پر نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ ایک قانون بنا رکھا ہے کہ آفت کے سلسلے میں وفاقی مدد مانگنے والے کسی بھی گورنر یا میئر کو پندرہ منٹ میں جواب دیا جائے۔
انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس معاملے میں ’بیوروکریٹک ریڈ ٹیپ‘ برداشت نہیں کریں گے۔






























