’طالبان انتخاب میں حصہ لے سکیں گے‘

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 1 نومبر 2012 ,‭ 00:02 GMT 05:02 PST

دو ہزار نو کے انتخابات کے روز طالبان حملوں میں بیس افراد ہلاک ہوگئے تھے

افغانستان میں انتخابات کے نگراں ادارے ’انڈیپینڈنٹ الیکشن کمیشن‘ کے سربراہ فاضل احمد مناوی کا کہنا ہے کہ آئندہ صدارتی انتخاب میں طالبان بھی حصہ لے سکیں گے۔

اس سے پہلے الیکشن کمشن نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں آئندہ صدارتی انتخاب پانچ اپریل دو ہزار چودہ کو ہوں گے۔

صدر کرزئی کے اقتدار کی مدت باضابطہ طور پر اگست دو ہزار چودہ میں مکمل ہوگی ہے اور یہ ان کا دوسرا دورِ حکومت تھا۔ آئین کے تحت وہ تیسری بار انتخاب میں حصہ نہیں لے سکتے۔

بدھ کے روز صحافیوں سے بات کرتے ہوئے فاضل احمد مناوی کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ عسکریت پسندوں کے انتخاب میں بطور امیدوار یا ووٹر حصہ لینے کو ممکن بنانے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہے وہ طالبان ہوں یا حزبِ اسلامی، کسی کے ساتھ بھی تفریق نہیں کی جائے گی۔

حزبِ اسلامی سابق وزیرِ اعظم گلبدین حکمتیار کی تنظیم ہے جو کہ طالبان کے ساتھ مل کر حامد کرزئی کی حکومت کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

طالبان حکومت کا تختہ سنہ دو ہزار ایک میں اوسامہ بن لادن کی میزبانی کے باعث امریکہ کے حملے کے بعد الٹا دیا گیا تھا۔ انہوں نے سنہ دو ہزار نو کے انتخاب میں حصہ نہیں لیا تھا۔ دو ہزار نو کے انتخاب کے روز طالبان حملوں میں بیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

دوسری جانب، بدھ کے روز جنوبی افغانستان میں ہونے والے حملے میں سات خواتین اور تین بچوں سمیت سترہ عام شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔ ساتھ ہی صوبہ کنڑ کے مشرقی حصے میں ایک چوکی پر حملے میں چار پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

افغان آئین کے تحت، عوام ملک کے صدر کا کسی سیاسی جماعت کے امیدوار کے بجائے، انفرادی طور پر انتخاب کرتے ہیں۔ آئندہ انتخاب کے لیے امیدواروں کو کاغذاتِ نامزدگی چھ اکتوبر دو ہزار تیرہ تک جمع کروانا ہوں گے اور ان کی حتمی انتخابی فہرست کا اعلان نومبر سولہ تک کر دیا جائے گا۔

صدر کرزئی کے دو ہزار نو میں دوبارہ منتخب ہونے پر دھاندلی کے بہت سے الزامات لگائے گئے تھے۔

اس ماہ کے آغاز میں انٹرنیشنل کرائسسز گروپ نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ نیٹو کے انخلاء کے بعد افغان حکومت کے گرنے اور ملک میں خانہ جنگی کا شدید امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان فوج اور پولیس، سکیورٹی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>