افغانستان: صدارتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان

آخری وقت اشاعت:  بدھ 31 اکتوبر 2012 ,‭ 01:53 GMT 06:53 PST

صدر اور ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ صرف اقتدار کی پُرامن منتقلی چاہتے ہیں

افغانستان کے الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ ملک میں آئندہ صدارتی انتخابات پانچ اپریل دو ہزار چودہ کو ہوں گے۔

اس اعلان کے بعد یہ افواہیں سرد پڑ گئی ہیں کہ صدر حامد کرزئی انتخابات وقت سے پہلے کروائیں گے۔

صدر کرزئی کے اقتدار کی مدت باضابطہ طور پر اگست دو ہزار چودہ میں مکمل ہوگی ہے اور یہ ان کا دوسرا دورِ حکومت تھا۔ آئین کے تحت وہ تیسری بار انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔

ان انتخابات کو افغانستان سے نیٹو افواج کے دو ہزار چودہ میں متوقع انخلاء کے بعد، ملک میں استحکام کے سلسلے میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ صدر کرزئی انتخابات میں بدعنوانی کے ذریعے اپنے ہی کسی ساتھی کی فتح کو یقینی بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

تاہم صدر اور ان کے حامیوں نے ان خدشات کی شدید تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف اقتدار کی پُرامن منتقلی چاہتے ہیں۔

افغانستان میں یورپی یونین کے سفیر کا کہنا تھا کہ کمشن کا اعلان اس بات کا ایک خوش آئین ثبوت ہے کہ افغان حکام ٹوکیو میں کیے گئے سیاسی وعدوں کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔

جولائی میں ہونے والی اس کانفرنس میں امداد دینے والے ممالک نے افغانستان کی ترقی کے لیے سولہ ارب ڈالر دینے کے وعدے کیے تھے۔ ان امدادی رقوم کا مقصد نیٹو کے انخلاء کے بعد افغانستان کو خانہ جنگی سے بچانا تھا جن میں سے ایک اقدام دو ہزار چودہ میں صدارتی انتخابات کا انعقاد تھا۔

یورپی یونین کے سفیر کا کہنا تھا کہ انتخابات میں شرکت کو بڑھایا جائے، شفاف انداز میں منعقد کرایا جائے اور یہ ایک قانونی نتیجہ فراہم کریں۔

صدر کرزئی کے دو ہزار نو میں دوبارہ منتخب ہونے پر دھاندلی کے بہت سے الزامات لگائے گئے تھے۔

اس ماہ کے آغاز میں انٹرنیشنل کرائسسز گروپ نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ نیٹو کے انخلاء کے بعد افغان حکومت کے گرنے اور ملک میں خانہ جنگی کا شدید امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان فوج اور پولیس، سیکورٹی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

ادارے نے مزید کہا کہ اگر ریاست نے اسے روکنے کے لیے اقدامات نہ کیے تو دو سال بعد ہونے والے انتخابات میں شدید دھاندلی ہوگی۔

افغان حکومت نے ان خدشات کو بے بنیاد کہا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>