
اخضر براہیمی ترک وزیر خارجہ احمد داؤد سے سنیچر کو استنبول میں ملاقات کریں گے
شام کے لیےاقوام متحدہ اور عرب لیگ کے مشترکہ ایلچی اخضر براہیمی سنیچر کو ترکی میں دمشق اور انقرہ کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بات چیت کریں گے۔
اخضر براہیمی ترکی کے وزیر خارجہ احمد داؤد سے ملاقات میں خطے کی کشیدہ صورت حال سے متعلق ان کا موقف جاننے کی کوشش کریں گے۔
ان کا یہ دورہ گزشتہ ہفتے شام کی جانب سے ترکی کے گاؤں میں گرنے والے مارٹر گولوں میں پانچ ترک شہریوں کی ہلاکت کے بعد ہو رہا ہے۔
اخضر براہیمی ترک وزیر خارجہ احمد داؤد سے سنیچر کو استنبول میں ملاقات کریں گے۔
ترکی میں بی بی سی کے نامہ نگار جیمز رینولڈز کا کہنا ہے اگرچہ ترکی اور شام کے درمیان باقاعدہ لڑائی نہیں ہو رہی تاہم ترکی تیزی سے اسں جنگ میں شامل ہو رہا ہے۔
شامی حکومت ترکی، سعودی عرب اور قطر پر شام میں باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنے کا الزام عائد کرتا رہا ہے جس کی یہ ممالک تردید کرتے ہیں۔
اخضر براہیمی جدہ میں سعودی حکام سے ملاقات کے بعد ترکی کے دورے پر ہیں۔
نامہ نگار کے مطابق اخضر براہیمی کے پاس خطے میں قیام امن کے لیے کوئی واضح منصوبہ نہیں ہے۔
اس سے پہلے ترکی کے جنگی طیاروں نے شامی ایئر لائن کے مسافر طیارے کو ماسکو سے دمشق جاتے ہوئے انقرہ میں اترنے پر مجبور کیا تھا۔
ترکی نے شامی مسافر جہاز کو اس خدشے کی بنا پر اتارا کہ اس میں فوجی نوعیت کا ساز و سامان تھا۔
شام نے ترکی کے اس دعوے کو رد کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے ثبوت پیش کرے۔
جمعے کو شامی باغیوں نے حلب کے قریب فوجی ہوائی اڈے پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کی آذاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔






























