ایران: جوہری پروگرام پر اقوام متحدہ کی تنقید

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 14 ستمبر 2012 ,‭ 06:11 GMT 11:11 PST

ایران کا اصرار ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پر امن مقاصد کے لیے ہے

جوہری امور کے لیے اقوام متحدہ کے نگراں ادارے آئی اے ای اے نے ایک قرارداد کے ذریعے ایران پر شدید تنقید کی ہے۔

آئی اے ای اے کے بورڈ نے ایران کے یورینیم کی افزودگی روکنے سے انکار کے بارے میں خدشات ظاہر کیے ہیں۔

ایران کا اصرار ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پر امن مقاصد کے لیے ہے جبکہ امریکہ، اسرائیل اور دیگر ممالک کا کہنا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنا رہا ہے۔

پینتیس میں سے اکتیس ممالک نے ایران کے خلاف قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالا ہے جبکہ ایک نے مخالفت اور تین نے ووٹ کا استعمال نہیں کیا۔

وسطی امریکہ کے ملک کیوبا نے قرارداد کی مخالفت کی جبکہ مصر، ایکواڈور اور تیونس نے ووٹ کا استعمال نہیں کیا۔ چاروں ممالک نان آلائنڈ مؤومنٹ (غیر وابستہ ممالک کی تنظیم) کا حصہ ہیں جس کی صدارت اس وقت ایران کے پاس ہے۔

اسی تحریک کے ایک اور رکن ملک جنوبی افریقہ نے قرارداد کے مسودے میں ایک ترمیم کی تجویز کی جس میں چند الفاظ کو بدلا گیا تاہم اس ترمیم کی وجہ سے قرارداد کی منظوری میں کئی گھنٹوں کی تاخیر ہوئی۔

ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کل چھ قراردادوں کی منظوری دے چکی ہے جن میں سے چار کے ساتھ پابندیاں منسلک ہیں۔

.حالیہ قرارداد امریکہ، چین، روس، جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے تجویز کی تھی۔

ویانا سے بی بی سی کی بیتھنی بیل کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دنیا کی چھ بڑی طاقتوں کی جانب سے اظہارِ یکجحتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس قرارداد سے ایران پر دباؤ بھی بڑھے گا جبکہ اسرائیل ممکنہ طور پر ایران کے خلاف عسکری آپریشن کرنے کی طرف اشارہ کر رہا ہے۔

امریکہ اور یورپی یونین نے ایران کی تیل کی برآمدات کے خلاف بھی یکطرفہ پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

گزشتہ ہفتے کے اختتام پر یورپی یونین کے وزرائے خارجہ اضافی اقدامات لینے کا سوچ رہے تھے۔

جمعرات کو دیے گئے ایک بیان میں ستائیس ممالک کی اس تنظیم نے اس معاملے میں ایران کی سست روی کو نا قابلِ منظور کہا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایران نے مذاکرات میں سنجیدگی سے شرکت نہیں کی ہے۔ آئی اے ای اے اور ایران کے درمیان اس سال کے آغاز سے مذاکرات جاری ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>