ایران: جوہری مرکز کی صلاحیت میں اضافہ

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 31 اگست 2012 ,‭ 22:42 GMT 03:42 PST

ایران کے مطابق قم کے جوہری مرکز فرود میں سویلین استعمال کے لیے یورینیم کی بیس فیصد تک افزودگی کی جا رہی ہے

اقوامِ متحدہ کے جوہری نگرانی کے ادارے آئی اے ای اے کا کہنا ہے کہ ایران نے قم شہر کے مضافات میں واقع جوہری مرکز فردو میں پیداواری صلاحتیوں میں دوگنا اضافہ کر لیا ہے۔

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی یا آئی اے ای نے سہ ماہی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران نے پارچین کے فوجی مرکز کے معائنے کے اختیار کو’ قابل ذکر حد تک متاثر‘ کیا۔

رپورٹ کے مطابق ایران نے سال دو ہزار دس سے اب تک 189 کلوگرام اعلیٰ درجے کی افزودہ یورینیم تیار کی ہے۔

ایران کہتا رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے جبکہ مغربی ممالک یہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ایران افزودہ یورینیم کو ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال کر سکتا ہے۔

ایران کے مطابق قم کے جوہری مرکز فرود میں سویلین استعمال کے لیے یورینیم کی بیس فیصد تک افزودگی کی جا رہی ہے۔

آئی اے ای کے مطابق فرود کے جوہری مرکز کے زیرِ زمین بنکر میں یورینیم کی افزودگی کے لیے درکار آلات’سنٹری فیوج ‘ کی تعداد جو مئی میں ایک ہزار چونسٹھ تھی اب یہ بڑھ کر اکیس سو چالیس ہو گئی ہے۔

ادارے کے مطابق نئے نصب کردہ سنٹری فیوج نے ابھی کام کرنا شروع نہیں کیا ہے۔

اس سے پہلے رواں سال مئی میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ایران اس مرکز میں خفیہ طور پر جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے پروگرام پر کام کر رہا ہے۔

ادارے کے مطابق اس کے معائنہ کاروں کو مرکز سے یورینیم کی ستائیس فیصد افزودگی کے نمونے ملے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یورینیم کی ستائیس فیصد افزودگی کی صورت میں ایران جوہری ہتھیار کے لیے درکار یورینیم تیار کرنے کے قریب پہنچ جائےگا۔

جمعرات کو جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پارچین کے فوجی مرکز کو حساس قرار دے دیا گیا ہے اور وہاں پر ایران کی جاری سرگرمیوں سے اس کے معائنہ کاروں کو موثر جائزے میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔

امریکہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ آئی اے ای کی رپورٹ کا قریبی جائزہ لے رہا ہے۔

امریکہ نے خبردار کیا کہ ایران کے جوہری ارادوں پر تنازع کے سفارتی حل کا وقت گزر سکتا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>