
کرسٹین لگارڈ کا کہنا تھا کہ وہ حکومت منصوبہ بندی سے متاثر ہیں
مصر نے اپنی معیشت کو درپیش مسائل کے پیشِ نظر، عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے چار اشاریہ آٹھ ارب ڈالر قرضے کی درخواست کی ہے۔
یہ درخواست مصری صدر محمد مرسی اور آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لگارڈ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کی گئی ہے۔
کرسٹین لگارڈ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اس درخواست کا جلد جواب دینے کی کوشش کرئے گا جبکہ مصری وزیرِ اعظم ہشام قندیل نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ معاہدہ اس سال کے اختتام سے پہلے طے پا جائے گا۔
مصر کو سیاحت اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی کے باعث مالی بحران کا سامنا ہے۔
گزشتہ سال کی حکومت مخالف تحریک کے مقابلے میں مصر کے زرِ مبادلہ کے ذخائر اس وقت تقریباً آدھے ہو گئے ہیں۔
حکومت کو قرضوں کی مہنگی قیمت اور بیرونی ادائیگیوں میں توازن کی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ حکومتی قرضہ جات کا بیشتر بوجھ مقامی بینک سنبھال رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مصر کرنسی کی قیمت کو گرنے سے بچانے کے لیے غیر ملکی امداد کی شدید ضرورت ہے۔
مصر کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں خسارے کی شرح مجموعی ملکی پیداوار کے مقابلے میں سات اشاریہ نو فیصد متوقع ہے جبکہ ملک کا اندرونی قرضہ ایک سو ترانوے ارب ڈالر اور بیرونی قرضہ تیتیس اشاریہ آٹھ ارب ڈالر ہے۔
سابق صدر حسنی مبارک کی حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد سے مصر اور آئی ایم ایف کے درمیان اٹھارہ ماہ سے مذاکرات جاری ہیں تاہم کسی بھی معاہدے کے طے نہ پانے کی وجہ آئی ایم ایف کی جانب سے کسی بھی قرضے کے لیے وسیع تر سیاسی حمایت کا مطالبہ ہے۔
مصر اور آئی ایم ایف کے طویل مذاکرات
سابق صدر حسنی مبارک کی حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد سے مصر اور آئی ایم ایف کے درمیان اٹھارہ ماہ سے مذاکرات جاری ہیں تاہم کسی بھی معاہدے کے طے نہ پانے کی وجہ آئی ایم ایف کی جانب سے کسی بھی قرضے کے لیے وسیع تر سیاسی حمایت کا مطالبہ ہے۔
صدر محمد مرسی کے حکومت تشکیل دینے اور فوج سے اختیارات ضبط کرنے کے بعد بہت سے مبصرین کا ماننا ہے کہ معاہدہ طے پانے کے بہت امکانات ہیں۔
آئی ایم ایف کی سربراہ کے ساتھ ملاقات کے بعد وزیرِ اعظم قندیل کا کہنا تھا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ آئی ایم ایف کا قرضہ پانچ سال کی مدت کے لیے ہوگا اور اس میں انتالیس ماہ کی رعایتی مدت بھی ہوگی۔ انہوں نے اپنی توقعات کے حوالے سے کہا کہ اس قرضے میں سود کی شرح ایک اشاریہ ایک فیصد ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ایک اقتصادی منصوبہ تیار کیا ہے جس میں خسارے میں کمی اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے لائحہِ عمل کے ساتھ ایسی تجاویز بھی شامل ہیں جن سے اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ حکومتی مرعات ان لوگوں کو ملیں جن کو ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
کرسٹین لگارڈ کا کہنا تھا کہ وہ حکومت منصوبہ بندی سے متاثر ہیں تاہم ابھی تک انہوں نے قرضے کی تفصیلات پر مذاکرات نہیں کیے ہیں۔
مصری وزیر خزانہ ممتاز السعد نے ریاستی بجٹ میں خسارے کی کمی کے لیے امریکہ سے بھی پچاس کڑوڑ کی امداد مانگی تھی۔
اس ماہ کے آغاز میں سعودی عرب نے ایک اشاریہ پانچ ارب ڈالر کی براہِ راست بجٹ امداد کے علاوہ امدادی منصوبوں کی مد میں ترتالیس کڑوڑ ڈالر کا وعدہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے تیل کی درآمدات کے لیے پچہتر کڑوڑ ڈالر تک کے قرضوں کی بھی اجازت دینے کا اعلان کیا۔
قطر کا بھی کہنا ہے کہ وہ مصری مرکزی بینک میں دو ارب ڈالر جمع کروائے گا۔






























