ناروے: ہلاکتوں کی پہلی برسی، دعائیہ تقریبات

ان حملوں میں دو سو بیالیس افراد زخمی بھی ہو گئے تھے

،تصویر کا ذریعہr

،تصویر کا کیپشنان حملوں میں دو سو بیالیس افراد زخمی بھی ہو گئے تھے

ناروے میں دائیں بازو کے شدت پسند انرش بہرنگ بریوک کے ہاتھوں ستتر افراد کی ہلاکت کے واقعے کی پہلی برسی منائی جا رہی ہے۔

اتوار کو پہلی برسی کے موقع پر ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔

اوسلو کے شمال میں جزیرے اوٹویا میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہو گی اور توقع ہے کہ ناروے کے وزیراعظم جینز سٹولن برگ بھی اس میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم اوسلو میں بم دھماکے کی جگہ پر پھولوں کا گلدستہ رکھیں گے اور اس کے بعد جزیرہ اوٹویا میں لیبر پارٹی سے وابستہ نوجوانوں سے خطاب کریں گے اور ٹھیک مقامی وقت کے مطابق آٹھ بن کر پینالیس منٹ پر اس وقت جائے وقوعہ پر گلدستہ رکھیں گے جب وہاں سے حملہ آور کو گرفتار کیا گیا تھا۔

گزشتہ سال اس جریزے پر حکمران جماعت لیبر پارٹی سے وابستہ نوجوانوں کے ایک تربیتی کیمپ میں فائرنگ کے نتیجے میں زیادہ ہلاکتیں ہوئیں تھیں۔

شام میں جزیرے پر ایک دعائیہ کنسرٹ ہو گا جس میں زیادہ تر ملکی فنکار حصہ لیں گے۔

دوسری طرف اوسلو میں ہونے والے بم دھماکے کے ایک سال بعد بھی زیادہ تر متاثرہ عمارتوں کی تعمیر نو مکمل نہیں ہو سکی۔

انرش بہونگ بریوک کے خلاف کیس کا فیصلہ آئندہ ماہ اگست میں سنایا جائے گا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنانرش بہونگ بریوک کے خلاف کیس کا فیصلہ آئندہ ماہ اگست میں سنایا جائے گا

وزیراعظم اور وزارتِ صحت کے دفتر کی عمارت اب بھی پلاسٹک سے ڈھکی ہوئی ہے۔

ان حملوں کے ملزم انرش بہرنگ بریوک نے عدالت میں دیے گئے حلفیہ بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے کوئی ’دہشت گردی‘ نہیں کی اور انہوں نے جو کیا وہ اسلام اور کثیر الثقافت سوچ کے خلاف ایک صليبي جنگ کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ چھوٹا وحشیانہ فعل ایک بڑے وحشیانہ فعل سے بچاؤ کے لیے تھا۔

حملہ آور انرش بہونگ بریوک کے خلاف مقدمے کی سماعت مکمل ہو چکی ہے اور فیصلہ آئندہ ماہ چوبیس اگست کو سنایا جائے گا۔

عدالت اس مقدمے میں یہ معلوم کرنے کی کوشش کرے گی کہ آیا بریوک ذہنی طور پر تندرست ہیں یا نہیں تاہم مقدمے کی سماعت کے موقع پر اس مقدمے میں بریوک کہہ چکے ہیں کہ وہ ذہنی طور پر بالکل صحت مند ہیں۔