چین:ہم جنس پرستوں کے لیے لفظ لغت سے غائب

چینی لغت

،تصویر کا ذریعہOther

،تصویر کا کیپشنڈکشنری لکھنے والوں کا کہناہے کہ وہ اس لفظ کو مقبول نہیں کرنا چاہتے

انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایک چینی لغت کے نئے شمارے سے ہم جنس پرست افراد کے لیے استعمال ہونے والا لفظ نکالنے پر لغت کے مدیران اور ناشرین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

چینی لغت ’کنٹیمپریری چائنیز ڈکشنری‘ کے چھٹے اور نئے شمارے میں سے ہم جنس پرستوں کے لیے استعمال ہونے والا لفظ ’ٹونگزی‘ موجود نہیں۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ اب لغت میں ہم جنس پرست یا ’گے‘ لفظ کی تعریف نہیں دی گئی۔

چینی زبان میں ہم جنس پرستوں کے لیے ’ٹونگزی‘ کا لفظ استعمال ہوتا ہے جس کا ایک اور مطلب’ کامریڈ‘ بھی ہے جو کہ کمیونسٹ فکر والے افراد اپنے ساتھیوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

انسانی حقوق کے ایک کارکن کا کہنا ہے کہ وہ اس لفظ کی علاقائی اور مقامی تعریف پر توجہ مرکوز نہیں کرنا چاہتے ہیں۔

اس ڈکشنری کے چھٹے شمارے میں انہتر ہزار الفاظ شامل کیے گئے ہیں جس میں تیرہ ہزار چینی الفاظ ہیں جبکہ تین ہزار سے زائد نئے الفاظ ہیں۔

ماہر لسانیت جیانگ لانشینگ ان لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے یہ ڈکشنری تیار کی ہے۔ انہوں نے چین کے سرکاری ٹی وی پر ایک انٹریو میں کہا ’ہم اس لفظ کے استعمال کے بارے میں جانتے ہیں لیکن ہم اسے ڈکشنری میں شامل نہیں کر سکتے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا ’آپ جس طرح چاہیں یہ لفظ استعمال کریں لیکن ہم اسے معیاری ڈکشنری میں شامل نہیں کریں گے۔ ہم اس طرح کے الفاظ کو نہ تو مشہور کرنا چاہتے ہیں اور نہ ہی اس طرح کی چيزوں پر لوگوں کی توجہ مرکوز کروانا چاہتے ہیں‘۔

ہانگ کانگ میں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں پرفیسر ڈینگ زیولیانگ کا کہنا ہے کہ اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے ’ٹونگزی لفظ کا استعمال ہم جنس پرستی کے لیے ہانگ کانگ اور تائیوان میں چینی کمیونسٹوں کا مذاق اڑانے کے لیے شروع ہوا تھا کیونکہ چینی کمیونسٹ لیڈر ایک دوسرے کو ٹونگزی کہہ کر بلاتے ہیں۔ تو یہ بات صاف ہے کہ چینی حکومت اس لفظ کے نئے استعمال کی تشتہیر کبھی نہیں کرے گی اور اسے مقبول نہیں ہونے دے گی‘۔

ٹونگزی لفط کو ڈکشنری سے ہٹادیے جانے پر ہم جنس پرستوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنان بے حد ناراض ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ڈکشنری لکھنے والے اس لفظ کو غیر متعصب نظریہ سے دیکھیں اور اسے ڈکشنری میں شامل کریں۔