حقانی نیٹ ورک کا سینئیر کمانڈر ہلاک

ڈرون
،تصویر کا کیپشنپاکستان کے قبائلی علاقوں میں اکثر ڈرون حملے ہوتے ہیں

امریکی افسران کا کہنا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں 13 اکتوبر کو ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں شدت پسند حقانی نیٹ ورک کا ایک سینیئر کمانڈر ہلاک ہوگیا ہے۔

امریکی افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ جانباز زدران نے افغانستان میں امریکی اوراتحادی افواج کے ٹھکانوں پر حملے کرنے میں حقانی نیٹ ورک کی امداد میں اہم رول ادا کیا ہے۔

امریکہ حقانی نیٹ ورک پر متعدد حملے کرنے کا الزام لگاتا ہے جن میں کابل میں گزشتہ ماہ امریکی سفارت خانے اور نیٹو پر ہونے والا حملہ بھی شامل ہے۔

پاکستان کے قبائلی علاقوں میں اکثر ڈرون حملے ہوتے ہیں جہاں طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے متعدد شدت پسندوں نے پناہ لے رکھی ہے۔

امریکی پالیسی کے تحت امریکی حکام نے اس سے پہلے اس بات کی تصدیق نہیں کی تھی کہ یہ ہلاکت 13 اکتوبر کی صبح ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں ہوئی ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کا کہنا ہے کہ بقول امریکہ جانباز زدران جنہیں جمیل کے نام سے بھی جانا جاتا تھا بدرالدین حقانی کے اہم لیفٹیننٹ تھے جو جلال الدین حقانی کے بیٹےہیں۔

بدرالدین حقانی امریکی وزارتِ خارجہ کی بلیک لسٹ میں شامل ہیں۔