لیبیا: سرت میں گھمسان کی جنگ

اس وقت سرت میں گلی گلی میں لڑائی ہو رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP Getty Images

،تصویر کا کیپشناس وقت سرت میں گلی گلی میں لڑائی ہو رہی ہے۔

لیبیا کے شہر سرت میں عبوری حکومت کے حامی جنگجوؤں نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور شہر کے کئی اہم مقامات پر قبصہ کر لیا ہے۔

سرت لیبیا کے معزول صدر کرنل قذافی کا آبائی شہر ہے جہاں ان کے حامی نئی عبوری حکومت کی فورسز سے سخت مزاحمت کر رہے ہیں۔

قومی عبوری کونسل کے کمانڈروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے سرت کے ہسپتال، یونیورسٹی اور کانفرنس سینٹر پر قبصہ کر لیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس وقت شہر کے مرکزی علاقے میں شدید لڑائی ہو رہی ہے۔

قومی عبوری کونسل کا کہنا ہے کہ سرت پر مکمل کنٹرول حاصل ہوتے ہی ملک کی آزادی کا اعلان کر دیا جائے گا چاہے کرنل قذافی ہاتھ آئیں یا نہیں۔

عبوری کونسل کے چیرمین مصطفیٰ عبدالجلیل نے طرابلس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرت اور بنی ولید اس ہفتے کے دوران آزاد ہو جائیں گے۔

کرنل قذافی کے حامیوں کو ابھی تک بنی ولید پر کنٹرول حاصل ہے لیکن اس کی اہمیت اس لیے نہیں ہے کہ وہاں سے ملک سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔

کرنل قذافی کے خاندان اور قریبی ساتھیوں میں سے کئی افراد اگست میں پڑوسی ممالک الجزائر اور نائجر فرار ہو چکے ہیں۔

سرت میں گزشتہ چند روز کی لڑائی کے دوران عبوری کونسل کی فورسز کو کرنل قذافی کے حامیوں کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا سامنا کرنا پڑا ہے جن میں ٹینک اور توپیں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں نشانچیوں کا بھی سامنا ہے۔

جمعے کو سرت پر بڑا حملہ شروع کیا گیا تھا جس کے بارے میں عبوری کونسل نے کہا تھا کہ یہ حتمی حملہ ہے لیکن سنیچر کو عبوری کونسل کی فورسز کی پیش قدمی آہستہ ہو گئی جس کی وجہ کرنل قذافی کے حامیوں کی جانب سے شدید مزاحمت ہے۔

اس وقت گلی گلی میں لڑائی ہو رہی ہے جس کے دوران عبوری کونسل کو کئی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں تاہم دونوں جانب سے بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔