کرکوک میں دھماکے، ستائیس ہلاک

عراق کے شمالی شہر کرکوک میں ہونے والے تین بم دھماکوں میں کم از کم ستائیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
عراق میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح پہلا دھماکہ میں ایک پولیس تھانے کے نزدیک ہوا اور جب لوگ امدادی کارروائیوں کے لیے جائے وقوعہ پر جمع ہوئے تو دوسرا دھماکہ ہوا۔
عراقی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بیشتر پولیس اہلکار ہی ہیں۔
شہر میں تیسرا دھماکہ ان دو دھماکوں کے قریباً ایک گھنٹے بعد ایک اعلٰی پولیس اہلکار کے قافلے کے نزدیک ہوا جس میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
بغداد کے شمال میں دو سو نوے کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کرکوک شہر میں کرد، عرب اور ترکمان قومیت کے لوگ رہائش پذیر ہیں۔ماضی میں تیل کی دولت سے مالا مال اس شہر پر کنٹرول کے لیے عراقیوں، عربوں اور نسلی ترکمانیوں میں جھگڑنے ہوتے رہے ہیں۔
اگرچہ عراق میں حالیہ چند برس میں تشدد میں کمی آئی ہے لیکن اب بھی حکومتی اور سکیورٹی اہلکاروں اور اداروں کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ عام ہے۔



