نکولس سرکوزی پر کمیشن لینے کا الزام
صدر سرکوزی نے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونےکی تردید کی ہے۔ فرانس میں اپوزیشن جماعتوں نے صدر نکولس سرکوزی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آبدوزیں بیچنے کےسودے میں کمیشن کے حصول سے متعلق لگسمبرگ کی پولیس کے الزامات کا جواب دیں۔
لگسمبرگ پولیس نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ نکولس سرکوزی نے1995 میں بطور وزیرِ خزانہ دو ایسی کمپنیاں قائم کرنے کی منظوری دی جنہوں نے اسلحہ کےسودے سے کمیشن حاصل کیا اور پھر اس رقم کا کچھ حصہ 1995 کی انتخابی مہم پرخرچ کیا گیا۔ موجودہ صدر اس وقت فرانس کے وزیرِ خزانہ تھے۔
صدر سرکوزی نے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونےکی تردید کی ہے۔
فرانسیسی حکومت کی ترجمان لو شاتل نے کہا کہ حکومت اس تحقیقاتی جج سے مکمل تعاون کر رہی ہے جو 2008 سے ان الزامات کو پرکھنے کی کوشش کر رہا ہے کہ 2002 میں کراچی میں آگسٹا آبدوزوں کے منصوبے پر کام کرنے والے گیارہ فرانسیسی انجنیئروں کی ہلاکت بھی کمیشن کی ادائیگی پر ہونے اختلافات کی وجہ سے ہوئی تھی۔



